امریکی قرض دراصل دائمی مرض ہے،امجد قیوم

185

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی65کے امیرامجدقیوم پراچہ،جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی ٹویٹ جھوٹ کا پلندہ ہے، امریکا نے گزشتہ ستر سال میں پاکستان کی غداری اور بے وفائی کی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کے استحصالی اور سامراجی رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ امریکی خفیہ دستاویزات میں اس بات کا انکشاف ہو اہے کہ پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کا قتل امریکا نے کرائے کے قاتلوں کے ذریعے کیا تھا، امریکا کی طرف سے پاکستان میں قتل و غارت کا سلسلہ لیاقت علی خان سے شروع ہوکر تاحال جاری ہے،امریکی امدادکا دعویٰ ڈھونگ ہے، دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کو 118ارب ڈالر ز اور 70ہزار انسانی جانوں کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ امریکی قرض دراصل دائمی مرض ہے،جب تک امریکی قرض سے نجات حاصل نہیں کرتے امریکی غلامی کے مرض سے نہیں نکل سکتے۔وفاقی حکومت نیٹو سپلائی بند کرے، امریکا کو کسی بھی قسم کی لاجسٹک یا انٹیلی جنس شیئرنگ ختم کرے۔ قوم کو متحد کرنے کیلیے حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور تمام جماعتوں کو امریکی دھمکیوں کے خلاف اعتماد میں لینے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرے۔ یہی وقت ہے کہ امریکا کے ڈومور کے جواب میں نو مور کہا جائے۔ پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت مٹا نہیں سکتی، جماعت اسلامی پہلے دن سے امریکی غلامی کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔