امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیاں دیوانے کی بڑ ہیں،مشتاق احمد خان 

599
بونیر،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان PK-79 میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں 
بونیر،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان PK-79 میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں 

پشاور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیاں دیوانے کی بڑ ہیں،امریکا نے پاکستان میں ڈرون حملوں میں ہزاروں بے گناہوں کی جان لی ہے، پاکستان امریکی ڈرون حملوں کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں درج کرائے۔ امریکی صدر نے کہا ہم نے 33ارب ڈالر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو دیے ہیں، لیکن ہمارا نقصان 118ارب ڈالر ہے اور 70 ہزار انسانی جانوں کے ضیاع اس سے الگ ہے۔پاکستان کو امریکی امداد کی ضرورت نہیں، امریکی دھونس اور دھمکیاں اس لیے دے رہے ہیں کہ پاکستان پر امریکی گھوڑے مسلط ہیں ، ان امریکی گھوڑوں سے نجات حاصل کرکے ہی غلامی کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔دہشت گردی کی نام نہاد جنگ میں پاک فوج کا جتنا جانی نقصان ہوا اتنا تو شاید 1965ء اور 1971ء کی جنگ میں بھی نہیں ہوا ہوگا۔ ہم نے اوّل روز سے قوم کو آگاہ کیا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں امریکا کی جنگ ہے، وقت نے ثابت کردیا کہ جماعت اسلامی امریکی جنگ کے حوالے سے جماعت اسلامی کا مؤقف درست تھا۔ہم نے واضح کیا تھا کہ یہ جنگ دہشت گردی کے خلاف نہیں بلکہ اسلام اور شعائر اسلام کے خلاف امریکا کی جنگ ہے۔جماعت اسلامی نے حکمرانوں سے کہا تھا کہ امریکا کو لاجسٹک سپورٹ نہ دیں، انٹیلی جنس شیئرنگ نہ کریں، اپنے اڈے امریکا کے حوالے نہ کریں اور ناٹو سپلائی کے راستے بند کردیں لیکن کسی نے ہماری بات نہیں مانی۔ ختم نبوت کے قانون پر نقب ڈالنے والوں کا پیچھا جاری رکھیں گے۔ جن تک ختم نبوت پر نقب لگانے والے تمام کردار بے نقاب نہیں ہوں گے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 79جوڑ ضلع بونیر میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمولیتی جلسہ عام سے جماعت اسلامی ضلع بونیر کے امیرمحمد حنیف، جنرل سیکرٹری سید حلیم باچا، وزیر زکوٰۃ و عشر حاجی حبیب الرحمن خان، سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی بخت جہاں خان، ضلعی ناظم ڈاکٹر عبیداللہ اور جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے صدر عبدالغفار خان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جمعیت علما اسلام کے رہنما اور جامعہ ترتیل القرآن مولانا قاری پیر باچا زادہ ہاشمی نے درجنوں علما کرام اور سیکڑوں طلبہ سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ امریکی دھمکیوں اور امریکی حملے کے خلاف پاکستانیوں کو متحد کریں گے ۔ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نہیں مٹا سکتی،پاکستان اسلام کے لیے بنا ہے، پاکستانی متحد ہوں گے تو دنیا کی کوئی طاقت میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔ انہوں نے کہاکہ امریکی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ یہ قوم جہاد اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہے۔ امریکا نے جنگ مسلط کی ناکوں چنے چبوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ختم نبوت کی محافظ اور پاسبان ہے۔ ختم نبوت کے حلف میں ترمیم جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر طارق اللہ کی وجہ سے واپس لی گئی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت ختم نبوت کے حلف کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کو سخت سزائیں دیں۔ صرف وزیر قانون کا استعفا کافی نہیں، جو بھی اس گستاخی میں ملوث ہے اسے قوم کے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو امریکی غلامی سے نکالنے کے لیے نیک اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے، جو صادق اور امین ہوں اور جن کے اکاؤنٹس اور آف شور کمپنیاں باہر کے بینکوں میں نہ ہوں۔ ایسے افراد کو ووٹ دینا ہر چیلنج اور خطرے کا جواب ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس ایسی قیادت موجود ہے۔