امریکی جنگ میں اتنی قربانیاں خود امریکا نے نہیں دیں جتنی پاکستان نے دی ہیں

183

لاہور(وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے جیمز میٹس کے بیان کہ ’’پاکستان نے ناٹو سپلائی بند کر نے کا اشارہ نہیں دیا‘‘ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم حکمرانوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت پاکستان نہ صرف امریکا کے ساتھ فرنٹ لائن اتحادی کا کردار ختم کرے بلکہ ناٹو سپلائی لائن بھی بند کی جائے ۔امریکا کا گھناؤنا چہرہ کھل کر ہمارے سامنے آچکا ہے ۔ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کا بھر پور انداز میں جواب دیا جانا چاہے ۔اب وقت آگیا ہے کہ کشکول اٹھا کر قرض اور امداد لینے کا سلسلہ بند کیا جائے اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے دنیامیں ملک و قوم کی عزت میں اضافہ اور وقار بلند ہو۔ عالمی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرناہو گا ۔اتنی قربانیاں خود امریکا نے دہشتگردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں نہیں دیں جتنی پاکستان کے عوام نے دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کی ذیلی ریاست نہیں بلکہ ایک خود مختار ملک ہے ۔چند ڈالروں کے عوص حکمرانوں نے اپنی تجوریاں بھرنے کے لیے ملک و قوم کو نام نہاد امریکی جنگ کی آگ میں جھونک دیا ہے ۔ جماعت اسلامی شروع دن سے امریکی غلامی سے نجات کی بات کرتی آرہی ہے ۔ہم نے’’ گو امریکا گو تحریک‘‘ بھی چلائی تاکہ ملک و قوم کو امریکی غلاموں کی ظالمانہ پالیسیوں اور منظم سازشوں سے آگاہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے ۔دشمن چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ جنرل پرویزمشرف کے بزدلانہ اقدامات نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ مشرف کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں بدترین دہشتگردی کا آغاز ہوا جو آج تک جاری ہے۔نائن الیون کے واقعہ سے قبل پاکستان میں خود کش حملوں کا تصور بھی نہیں تھا۔ملکی حالات بہت بہتر تھے اور امن وامان کی صورتحال بھی تسلی بخش تھی۔میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جب تک پاکستان کے اقتدار پر موجودہ حکمران مسلط ہیں تب تک ملک و قوم کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق رہیں گے ۔