کراچی کے مجرم کے دعوے

318

آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ خود ساختہ جلاوطن رہنما ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے عجیب و غریب دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے عوام میرے ساتھ چلیں میں ایم کیو ایم کا دھبہ ختم کردوں گا۔ انہوں نے کراچی میں اپنی پارٹی کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خیال لوگوں کو ملا کر نیا اتحاد بنا رہے ہیں ۔ ایم کیو ایم اور مہاجر کے کوزے میں عوام 30سال سے بند ہیں جس سے صرف تباہی ہوئی۔ متحدہ ، اے این پی اور پی پی پی نے اسلحہ دے کر لڑایا ان سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ جنرل پرویز مشرف نے جس مقام پر جلسہ کیا اس مقام پر کسی زمانے میں الطاف حسین نے جلسے کیے تھے لیکن ان جلسوں میں اور اتوار کے روز ہونے والے جلسے میں زمین آسمان کا فرق تھا۔ اس پر اگر تبصرہ کیا جائے تو ایسا محسوس ہوا کہ سڑک پر کسی حادثے کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں ہوا۔ اسے کسی صورت کراچی کے عوام کے ایسے جلسے کے طور پر نہیں دیکھا جاسکتا جو ایم کیو ایم کا دھبہ ختم کرنے والے لوگوں یا پارٹی کا ہو۔ جنرل پرویز مشرف کو پورے پاکستان میں کراچی ہی کیوں ملا۔انہوں نے لاہور کو اپنی سیاست کا مرکز کیوں نہیں بنایا اسلام آباد یا ملتان یا پشاور کو مرکز کیوں نہیں بنایا سب سے پہلے پاکستان کے نعرے والے نے کراچی کا انتخاب اس لیے کیا کہ اس شہر کے لیے اس کی پاکستان دشمنوں کے لیے بڑی خدمات ہیں ۔ جنرل پرویز نے اس شہر سے قوم کی بیٹی کو اغوا کرایا اور امریکا کے حوالے کر کے5ہزار ڈالر وصول کیے۔ اس نے کراچی کے عوام کی مرتی ہوئی متحدہ میں دوبارہ زندگی ڈال کر اس شہر کو ایک مرتبہ پھر عذاب سے دو چار کیا۔ جنرل پرویز کے بڑے بڑے کارناموں اور خدمات میں متحدہ کی قیادت کو 12مئی، سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری، وکلا کا قتل، کراچی میں چائنا کٹنگ کے ماسٹر مائنڈ کو مسلط کرنا اور دنیا کی ماڈل سٹی گورنمنٹ کو تباہ کر کے نظام تباہ کرنے والوں کو مسلط کرنا شامل ہے۔ جبکہ بین الاقوامی طورپر کراچی کی قیمت ختم کر کے دبئی کو ابھرنے کا موقع دینے کا کارنامہ بھی ان ہی کا ہے۔ اس سے قبل ہانگ کانگ، بنکاک کو بچانے کے لیے جنرل ضیاء سے ایم کیو ایم بنوائی گئی اور عبدالستار افغانی اور جماعت اسلامی کی محنت پر پانی پھیرا گیا۔ ہانگ کانگ عالمی تجارتی مرکز بنا اور کراچی بوری بند لاشوں ،بھتوں اور آگ و خون کا شہر بلکہ کھنڈر بن گیا۔ پہلے جنرل پرویز ان کارناموں کا حساب دیں پھر کراچی کے عوام کو اپنے ساتھ چلنے کا مشورہ دیں۔