آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کی پریس کانفرنس

791

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل کراچی نے اس سال شہر کے چھ اضلاع کے سو سے زائد تعلیمی اداروں میں 17ہزار طالب علموں کو فنی تربیت فراہم کی ہے جس میں انگریزی ، اُردو اور سندھی زبان میں مضمون نویسی، فن تقریر، مصوری، فوٹو گرافی، موسیقی اور دیگرشعبے شامل ہیں۔

رواں سالانہ یوتھ فیسٹیول کا پہلا پروگرام10جنوری کو منعقد ہوگاجس میں گورنرسندھ محمد زبیر عمر اس پروگرام میں تعاون کرنے والے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور صدر معلمین میں شیلڈ تقسیم کریں گے۔ گزشتہ 10 سال کے دوران 10لاکھ طالب علموں کو تربیت دی گئی۔ ہم اس پروجیکٹ میں تربیت حاصل کرنے والے طالب علموں کو عوام کے سامنے پیش کریں گے تو شہریوں کو اندازہ ہوگا کہ آرٹس کونسل کراچی نے پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے کتنا بڑا کام کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آرٹس کونسل کے منظر اکبر ہال میں یوتھ کمیٹی کے چیئرمین اسجد بخاری اور یوتھ پائلٹ پروجیکٹ کے کوآرڈینیٹر سید دانیال عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل میں سالانہ 5سو سے زائد پروگرام منعقد ہوتے ہیں مگر گزشتہ دس برسوں سے منعقد ہونے والا یوتھ فیسٹیول نے سب سے زیادہ سوسائٹی کو فائدہ پہنچایا کیونکہ اس پروگرام میں اب لاکھوں طالب علم شامل ہوگئے ہیں

جنہوں نے مختلف شعبوں میں فنی تربیت حاصل کی۔ انہوں نے کہاکہ رواں سال ہم نے اس پروگرام کو مختلف انداز میں شروع کیا، چھ ماہ پہلے شہر کے چھ اضلاع کے 109سرکاری اور مضافاتی علاقوں کے تعلیمی اداروں کا انتخاب کیا اور آرٹس کونسل ہی کے تربیت یافتہ 100 سے زائد انسٹرکٹرز کے ذریعے ان اسکولوں میں فنی تربیت کے کورس شروع کرائے جس کے ذریعے 17 ہزار سے زائد طالب علموں کو فنی تربیت دی گئی جو ان کی عملی زندگی میں سود مند اور معاشرتی ترقی کا ذریعہ بنے گی۔

ان تعلیمی اداروں میں 78اسکول 19کالج اور 12یونیورسٹی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کئی سالوں سے ہم حکومت سے مطالبہ کررہے تھے کہ تعلیمی اداروں میں فن اور پیشہ وارانہ تربیت کی سہولت بھی مہیا کی جائے۔ اس کو ایک ماڈل کے طور پر آرٹس کونسل نے شروع کی ہے جس میں ہم کامیاب ہوئے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں تربیت کے بعد اب ہم نے اضلاع کی سطح پر یہ مقابلے شروع کرادیئے ہیں۔جنوری میں اس نوعیت کے ہر ضلع کے لئے علیحدہ علیحدہ پروگرام ہوں گے۔

جب کہ فروری میں مرکزی پروگرام منعقد ہوگا۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباءکے لئے علیحدہ پروگرام منعقد کیا جارہاہے جو 10جنوری کو آرٹس کونسل میں ہوگا۔ کامیاب ہونے والے طالب علموں کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ اس ماڈل اور پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد اب حکومت کے لئے ان شعبوں میں تربیت فراہم کرنا آسان ہوچکا اور آرٹس کونسل تربیت یافتہ اساتذہ فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں ملک بھر میں یہ پہلا موقع ہے کہ آرٹس کونسل نے نوجوانوں کو فنی تربیت کے لئے وسیع پیمانے پر پروگرام شروع کیا ۔ اُمید ہے کہ اس کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا ۔

محمد احمد شاہ نے کہاکہ نوجوانوں کو انتہاپسندی اور منفی سرگرمیوں کی طرف جانے سے روکنے کے لئے اس نوعیت کی تربیت اور پروگرام واحد ذریعہ ہیں اس سے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے اور آئندہ ان کو روزگار کی فراہمی بھی یقینی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل کراچی کو ان تربیت یافتہ بچوں کو کل سے میڈیا کے سامنے پیش کرنا شروع کرے گی اور پاکستان کے شہر ی اس سے خود اندازہ لگاسکیں گے کہ ہم نے ملک کے بہتر مستقبل کے لئے کتنا بڑا کام کیا ہے۔