ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے،سردارظفر حسین

303

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے پاکستانی معیشت کے بارے میں آئی ایم ایف کی تازہ رپورٹ کو ملک کی معاشی صورت حال کے لیے تشوش ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر انتہائی کم سطح پر آچکے ہیں۔ادائیگیوں کے توازن کو بھی اہم خطرات ہیں،ٹیکسوں کے نظام میں بہتری نہ لائی گئی تو صورت حال خراب ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی نظام جو سود پر چل رہا ہے اوراس نے دنیا کی بڑی بڑی معیشتوں کواپنی گرفت میں لے کردیوالیہ کردیا ہے ۔ اسلامی نظام معیشت کو اختیار کیا جائے جس کا خدا اور اس کے رسول ؐ نے حکم دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ناقص پالیسیوں کے نتیجے میں نواز شریف کی حکومت چند ماہ میں ہی بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔غریب عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں ملا۔اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔ حکمرانوں نے مہنگائی میں اضافہ کرکے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی و گیس کے بحران اور ٹیکسوں کی بھرمارکے باعث پاکستان کی70فیصد انڈسٹری دنیا میں مقابلے کی ہمت کھوبیٹھی ہے کیونکہ ملک میں صنعتی پیداواری لاگت دوسرے ملک کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔سرمایہ دار خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے بیرون ملک کا رخ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور معاشی بحران سیاسی بحرانوں میں بدلتے دیر نہیں لگتی ۔جب لوگوں کی امید یں محرومیوں میں بدلتی ہیں تو ان کے تیور بھی بدل جاتے ہیں ،زندہ باد کے نعرے لگانے والے مردہ باد کہنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ۔ حکمران حالات پر جلد قابو پانے میں ناکام رہے تو لوگ مرنے مارنے پر تل جائیں گے ۔