پاکستان اسٹاک :مندی کے بادل چھٹ گئے، سرمائے میں124ارب روپے کا اضافہ

309

ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 43600پوائنٹس کی 8بالائی حد بحال ہو گئیں
اضافہ کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم 90کھرب روپے سے تجاوز کر گیا، 32کروڑ77لاکھ 61ہزار حصص کے سودے ہوئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ سے بدھ کے روز مندی کے بادل چھٹ گئے اورزبردست کاروباری تیزی کے کیساتھ انڈیکس800سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے43ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں124ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم 90کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاری متحرک دیکھے گئے اسٹیل ،سیمنٹ ،بینکنگ اورٹیلی کام سیکٹرز میں مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکیج ہاﺅسز کی جانب سے خریداری کیساتھ مستقبل کے سودوں کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 42900،43000،43100،43200،43300،43400،43500اور43600پوائنٹس کی 8بالائی حد بحال ہو گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روزکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں816.41پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 42814.34پوائنٹس سے بڑھ کر 43630.75پوائنٹس ہو گیا اسی طرح442.92پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس22035.21پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس30995.67پوائنٹس سے بڑھ کر 31435.10پوائنٹس پر جا پہنچا ۔کاروباری تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب 24ارب66کروڑ34لاکھ96ہزار45روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم89کھرب20ارب 72کروڑ63لاکھ 4ہزار174روپے سے بڑھ کر90کھرب45ارب 38کروڑ98لاکھ219روپے ہو گیا ۔اسٹاک مارکیٹ میںبدھ کو 15کروڑ روپے مالیت کے 32کروڑ77لاکھ 61ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ منگل کو 9ارب روپے مالیت کے 22کروڑ53لاکھ 40ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںبدھ کو مجموعی طور پر400کمپنیو ں کا کاروبار ہوا جس میں سے316کمپنیوں کے حصص کی قیمتو ں میں اضافہ ،65میں کمی اور 19کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے عائشہ اسٹیل لمیٹڈ1کروڑ69لاکھ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ1کروڑ67لاکھ ،دیوان سیمنٹ 1کروڑ55لاکھ ،ازگارڈنائن 1کروڑ49لاکھ اور بینک آف پنجاب 1کروڑ40لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔ قیمتوں کے اعتبار سے وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت83.63روپے کے اضافے سے1756.35روپے اورباٹا پاک کے حصص کی قیمت70روپے کے اضافے سے2520.00روپے ہو گئی جبکہ شیلڈ کارپوریشن اوراوساکا پاک کے حصص کی قیمتوں میں بالترتیب24.91روپے اور13.04روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے سبب شیلڈ کارپوریشن کے حصص کی قیمت475.00روپے جبکہ اوساکا پاک کے حصص کی قیمت286.46روپے پر آگئی ۔