امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے نجی اسکولوں کی فیسوں میں من مانے اضافے کو واپس نہ لینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگرنجی اسکولوں نے فیسوں میں اضافہ فوری طور پر واپس نہ لیا اور اس بنیاد پر کسی بھی طالب علم کے ساتھ ناروا سلوک کیا یا بے دخل کیا تو جماعت اسلامی اس پر شدید احتجاج کرے گی اور طلبہ اور والدین کا ساتھ دے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اس مسئلے پر نوٹس لیا تھا اور ملک بھر کے نجی اسکولوں کو پابند کیا تھا کہ اس سال فیسوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا لیکن کراچی میں اس فیصلے پر کوئی عمل نہیں کیا گیااور نجی اسکول اپنی من مانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ وزیر اعظم کے اس فیصلے اور حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور تمام نجی اسکولوں کو فیسوں میں اضافہ واپس لینے پر مجبور کیا جائے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک عام آدمی کے لیے اپنے بچوں کو تعلیم دینا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے نجی اسکولوں کی فیسیں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں اور غریب اور متوسط گھرانے کے لیے ممکن نہیں ہے کہ ان فیسوں کو ادا کرسکیں مزید یہ کہ فیسوں میں اضافہ کر کے وہ گھرانے اور والدین جو اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے بچوں کو ان اسکولوں میں تعلیم دلوارہے ہیں ان کو بھی اس سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے نجی اسکولوں کی من مانی سے والدین اور طلبہ کے اندر شدید بے چینی اور اضطراب پیدا ہوگیا ہے جسے فی الفور دور کیا جا نا چاہیے ۔