کے ڈی اے کو ’’کرپشن فری‘‘ بنانے جارہے ہیں‘سمیع صدیقی 

162

کراچی (رپورٹ : محمد انور) ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سمیع صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ ادارے کے انتظامی امور درست کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں، کے ڈی اے کو ’’کرپشن فری‘‘ بنانے جار ہے ہیں، او پی ایس افسران کی موجودگی کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی گئی ہے،
مالی دشواریوں کے سدباب کے لیے نئی اسکیمیں بھی لائی جارہی ہیں۔ بدھ کو نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ نئے ممبر ایڈمنسٹریشن سے اتھارٹی میں او پی ایس کی بنیاد پر تعینات افسران کے حوالے سے سرٹیفکیٹ طلب کرلیے ہیں جبکہ حکم جاری کیا ہے کہ کسی بھی افسر کو او پی ایس کی بنیاد پر تعینات نہ کیا جائے۔ سمیع صدیقی کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا ہے کہ رفاہی پلاٹوں پر کسی اور قسم کی تعمیرات برداشت نہیں کی جائیں گی متعلقہ اداروں کو متنبہ کردیا گیا ہے کہ اگر پلاٹوں کو ان کی الاٹمنٹ کے مطابق استعمال نہیں کیا گیا تو الاٹمنٹ منسوخ کردی جائیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے بتایا ہے کہ ادارے کو مالی دشواریوں کا سامنا ہے تاہم مالی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر نئی ہاؤسنگ اسکیمیں بنائی جارہی ہیں۔ اتھارٹی کو کرپشن فری بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔