بلوچستان :نئے وزیر اعلیٰ کاانتخاب آج  ہو گا،3امیدوار میدان میں آ گئے

49

کو ئٹہ( نمائندہ جسارت)بلوچستان کے نئے وزیر اعلیٰ کے لیے3امیدوار میدان میں آگئے لیگی اتحاد کے عبدالقدوس بزنجو اورپشتونخوامیپ کے2امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج عمل میں لایا جائے گا۔نیشنل پارٹی نے حزب اختلاف میں بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا
۔نئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے لیے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی۔وزارت اعلیٰ کے لیے 3امیدوار سامنے آگئے جن میں(ن)اور(ق)لیگ کے مشترکہ امیدوار عبدالقدوس بزنجو جبکہ پشتونخوامیپ کے آغا لیاقت اور عبدالرحیم زیارتوال شامل ہیں۔اسپیکرراحیلہ درانی کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات آج صبح تک واپس لے سکتے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ آج بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ہو گی۔ وزارت اعلیٰ کے لیے مضبوط امیدوارعبدالقدوس بزنجو نے نواب ثنا اللہ زہری کے حامی مسلم لیگ (ن) کے6 ارکان اسمبلی کو بھی اپنی حمایت کے لیے منا لیا ہے ۔ (ن) لیگ کے باقی ارکان کی جانب سے منحرف ارکان کے ساتھ ملنے کے بعد بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ(ن)، پشتونخوامیپ اورنیشنل پارٹی کا اتحاد ٹوٹ گیا ۔نیشنل پارٹی نے حزب اختلاف میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل پارٹی کے ترجمان کے مطابق ان کی پارٹی وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں غیر جانب دار رہے گی۔ نیشنل پارٹی نہ تو اپنا امیدوار لائے گی اور نہ ہی کسی امیدوار کی حمایت کرے گی جب کہ نواب ثنا اللہ زہری کو پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔