ملک بھر میں 6 ہزار یوٹیلیٹی اسٹوروں پر 150 اشیا کی قلت

395

دالیں، چاول، چینی اور کو کنگ آئل سمیت نجی کمپنیوں کی چھوٹی بڑی 150 کے قریب اشیا ءکی کمی سے غریب شدید مشکلات کا شکار
کراچی ( بزنس رپورٹر )ملک بھر میں 6 ہزار یوٹیلیٹی اسٹوروں پر 150 اشیا کی قلت پیدا ہو گئی۔ اسٹوروں کی ماہانہ سیل 4 ارب سے کم ہو کر ایک ارب روپے رہ گئی۔تفصیلات کے مطابق دالیں، چاول، چینی اور کو کنگ آئل سمیت نجی کمپنیوں کی چھوٹی بڑی 150 کے قریب اشیا ءکی قلت پیدا ہونے سے غریب اور متوسط طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹور 29 ارب روپے کے نادہندہ ہیں لیکن ادائیگی حکومت کی ترجیحا ت میں شامل نہیں۔ ملک بھر میںا سٹوروں پر کھانے پینے کی اشیا کا اسٹاک ختم ہو گیا ہے جبکہ 2 ماہ تک نئی خریداری نہیں کی جائیگی۔ذرائع نے بتایا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن اوپن مارکیٹ سے چینی خرید کر ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹوروں پر سپلائی کرتی ہے۔ حکومت نے 2017ءمیں پونے تین ارب روپے ادا کرنے تھے، وہ ابھی تک ادا نہیں کئے گئے۔ پچھلے 4 سال میں وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹوروں کی مد میں کوئی رقم ادا نہیں کی جو اب مجموعی طور پر 29 ارب روپے ہو گئی ہے۔