ایم پی اے بدھائی نے عوام کواندھیروں میں رکھا ہوا ہے

212

پشاور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور وسابق رکن قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ بڈھنی روڈ یاسین آباد ، گلوزئی ، محمدزئی علاقوں میں سیکشن فور کا نفاذاور ان علاقوں کو گندگی ڈالنے کے لیے مختص کرنے کا حکومتی فیصلہ زرعی علاقوں کے ساتھ ظلم ناروا ہے اور یہ کام نادان لوگ کرتے ہیں ،حکومت کے پاس اپنی زمین موجود ہے اور اس کے علاوہ بعض مقامات پر بنجر زمینیں موجود ہیں لیکن اس کے باوجود ضلع پشاور کی سب سے زرخیززمین کو بنجر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ یاسین آباد ، گلوزئی ، محمدزئی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقہ عمائدین کی بڑی تعداد موجودتھی۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صابرحسین اعوان نے کہاکہ بڈھنی ، یاسین آباد ، گلوزئی ، محمدزئی کے عوام میں زبردست بے چینی پائی جاتی ہے حکومت افہام وتفہم کا راستہ اختیار کرکے ان علاقوں کی متبادل جگہ کا انتخاب کرے اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کیا جائے اور زرخیز زمین کو بنجر بننے سے روکا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت غریب عوام کی زرعی زمینوں کو نقصان پہنچانے سے باز رہے ورنہ اس کے خلاف عوام کے ساتھ مل کر راست اقدام اُٹھانے کو مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمے داری صوبائی حکومت ، انتظامیہ اور متعلقہ ایم پی اے ، ایم این اے پر عائدہوگی ۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ ایم پی اے عوام کو سہولت نہیں دے دسکتے تو عوام سے رزق چھیننے کا حق ان کو کس نے نہیں دیا ، ایم پی اے نے علاقہ بدھائی کے عوام کو ساڑھے چارسال سے اندھیروں میں رکھا ہوا ہے اُن کے پاس بجلی ، گیس اورنہ ہی سڑکیں ہیں۔ عوام ان سے آئندہ الیکشن میں اس کا حساب ووٹ کے ذریعے لیں گے۔