شیر شاہ کی تباہ حال سڑک نے شہریوں کی زندگی دو بھر کردی 

331

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل ا نصاری)شیرشاہ کی سڑکیں تباہ حال، تاجر اور راہگیر شدید پریشانی کا شکارہیں۔ سندھ حکومت اور بلد یہ عظمیٰ کراچی کی عدم دلچسپی کے سبب شہر کی اہم کاروباری مرکز شیرشاہ روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے۔شیر شاہ چوک سے لیاری ندی کے اوپر سے گزرنے والاشیر شاہ پل پر بھی متعدد مقامات پر گڑھے بن گئے ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہتی ہے ا ور گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیاہے۔ شہر کے اہم کاروباری مرکزشیرشاہ روڈ مرمتی اقدامات سے محروم ہوکر تباہ حال ہوگیاہے۔یومیہ ہزاروں گاڑیوں اور شہریوں کے گزرگاہ والے شیرشاہ روڈپرطویل عرصے سے مرمتی کام نہ ہونے کی وجہ سے جابجا گڑھے پڑچکے ہیں جبکہ روڈ پر بعض مقامات پر سیوریج کا گندا پانی بھی جمع ہے۔سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کے سبب مذکورہ سڑک پر آئے روز بدترین ٹریفک جام ہوتاہے۔مذکورہ سڑک سے شیر شاہ کباڑی مارکیٹمیں آنے والے خریداروں
کے ساتھ ساتھ لی مارکیٹ سے گوادر،حب چوکی، اوتھل،بیلہ وبلوچستان کے دیگر علاقوں کو جانے والی گاڑیاں بھی اسی راستے سے گزرتی ہیں، جبکہ سائٹ ،بلدیہ ودیگر علاقوں سے لیاری ودیگر علاقوں کو جانے والے شہریوں کی بھی گزرگاہ ہے۔ شہرکی مصروف ترین سڑکوں میں سے ایک شیرشاہ روڈ سے یومیہ ہزاروں گاڑیاں و موٹرسائیکلیں گزرتی ہیں جن میں ہیوی ٹریفک بھی ہوتی ہے۔مذکورہ سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے گزرنے والی گاڑیوں کے ٹائرز، ایکسل ،کمانیاں،ودیگر پرزہ جات خراب ہورہے ہیں اور موٹر سائیکل سوارکمر کے تکلیف میں مبتلا ہورہے ہیں جبکہ ٹریفک حادثات میں اضافہ اور شہریوں کو گھنٹوں ٹریفک جام کے عذاب کا بھی سامناکرناپڑتاہے۔ علاقہ مکینوں کے مطا بق شیرشاہ روڈ کی مرمت گزشتہ 5 برس سے نہیں کی گئی ہے ،دکاندار اور علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت گڑھوں میں مٹی وملبہ ڈال کرعارضی طورپر بھرائی کردیتے ہیں، سڑک کے بعض مقامات پر سیوریج کا گندا پانی بھی مستقل جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے سڑک کے نصف سے زائد حصے میں بڑا گڑھا بن گیاہے ۔کراچی کی اہم کاروباری مرکز شیر شاہ تاحال حکومتی توجہ سے محروم ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی اور اذیت کا سامناہے۔اس حوالے سے ترجمان ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع(غربی) شیخ مشتا ق احمد نے جسارت سے گفتگو کر تے ہو ئے موقف اختیار کیا کہ اب بلدیہ غربی کے پاس سٹرکوں کی تعمیر ات کا کنٹرول نہیں ہے، میونسپل کمشنر ضلع غربی کے زیر نگرانی ترقیاتی کام اور سٹرکوں کی تعمیرات کا کا م کیے جا رہے ہیں ۔اس سلسلے میں سندھ حکومت، بلدیہ عظمی کراچی اور میونسپل کمشنر ضلع غربی آپ کو صیح جواب دے سکتے ہیں۔ جس پر میونسپل کمشنر بلدیہ غربی وسیم مصطفی سومرو سے رابطہ کرنے کی متعدد بارکوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔