پچیس دسمبر 2007 کو بے نظیر بھٹو نے مشرف کی دھمکی آمیز کال وصول کی ، مارک سیگل کا بیان

196

امریکی صحافی مارک سیگل نے آڈیو ویڈیو لنک کے ذریعے راولپنڈی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ۔ کہتے ہیں 25 دسمبر 2007 کو بے نظیر بھٹو نے پرویز مشرف کی دھمکی آمیز کال موصول کی ، کال بے نظیر بھٹو نے پاکستان آنے سے تین ہفتے قبل وصول کی ۔

بیان ریکارڈ کراتے ہوئے امریکی صحافی مارک سیگل کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے پرویز مشرف کی کال امریکی سینیٹر ٹام لینٹوس کے دفتر میں موصول کی ۔ مارک سیگل کا کہنا تھا کہ فون کی اسکرین پر مشرف لکھا ہوا آیا جو بے نظیر بھٹو نے مجھے دکھایا۔

امریکی صحافی کا کہنا تھا کہ میں یہ بیان 2009 میں بھی جے آئی ٹی کے سامنے دیا تھا ، بے نظیر بھٹو مشرف کی کال سننے کے بعد کافی پریشان نظر آئیں، بینظیر نے کہا مجھے مشرف کیطرف سےابھی ابھی پریشان کن کال آئی ہے، بے نظیر بھٹو کا کہنا تھا کہ جنرل مشرف کہہ رہے کہ اگر میں نے پاکستان آکر سیاسی سرگرمیاں شروع کیں تو ذمے دار وہ خود ہوں گی ۔

مارک سیگل کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی طرف سے کال بے نظیر بھٹو کے پاکستان آنے سے 3 ہفتے قبل کی گئی ، پرویز مشرف نے بے نظیر بھٹو سے کہا آپ کی جان کو خطرہ ہے، مشرف نے بینظیر سے کہا آپکی سلامتی کا انحصار آپکے اور میرے تعلقات پر ہے۔ مارک سیگل کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو نے مجھے ای میل کی انھیں مار دیا گیا تو ذمے دار پرویز مشرف ہو نگے۔

دوران بیان امریکی صحافی کا کہنا تھا بینظیرسے آخری ملاقات امریکا کے ریٹس کلنٹن ہوٹل میں ہوئی تھی، بینظیربھٹو نے پرویزمشرف کو لکھے گئے خط سے متعلق مجھے بتایا، خط میں بے نظیر نے مشرف کو بتایاکہ پاکستان کے اعلیٰ حکام کی کال گلف نیٹ ورک نے پکڑی ہیں، بینظیربھٹو نے حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق بھی پرویزمشرف کو آگاہ کیا۔

مارک سیگل کا کہنا تھا کراچی میں بی بی کے ٹرک پر موجود لوگ فون پر بات کر رہے تھے،اس کا مطلب یہ تھا کہ جیمرز کام ہی نہیں کر رہے تھے۔ امریکی صحافی کا کہنا تھا بے نظیر بھٹو کراچی دھماکے کے بعد بہت پریشان تھیں، بے نظیر نے کہا انہیں پروٹوکول کے مطابق سیکیورٹی نہیں دی جا رہی ، وہ اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کر رہی تھیں، میری ان سے بات ہوئی تھی۔

مارک سیگل کا کہنا تھا 26 اکتوبر 2007 کو بی بی کی ای میل میرے ذاتی اکاؤنٹ پر آئی، ای میل کا سبجیکٹ تھا موسٹ ارجنٹ ، بی بی نے کہا کہ تم دلیر اور قابل اعتماد ہو اس لیے تمہیں ای میل کی۔ مارک سیگل کا بیان مکمل ہو گیا ۔ اب مارک سیگل پر جرح 5 اکتوبر کی شام 7 بجے ہوگی۔