عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے 16ویں وزیراعلیٰ منتخب ‘ حلف اٹھالیا

234

کوئٹہ(نمائندہ جسارت+مانیٹر نگ ڈ یسک) عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے 16ویں وزیراعلیٰ منتخب ، حلف اٹھا لیا۔کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی نے ہفتے کو مسلم لیگ قائد اعظم سے تعلق رکھنے والے میر عبدالقدوس بزنجو کو نیا قائد ایوان منتخب کیا جنہوں نے شام کو صوبے کے16ویں وزیراعلیٰ کے طور پر اپنے منصب کا حلف اٹھایا۔گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ہفتے کی صبح صوبائی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں عبد القدوس
بزنجو کے حصے میں 41 ووٹ آئے جبکہ اْن کے حریف پختونخواملی عوامی پارٹی کے آغا سید لیاقت علی نے 13 ووٹ حاصل کیے۔صوبائی اسمبلی کی اسپیکر راحیلہ حمید دْرانی نے نتائج کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل مکمل ہوگیا ہے، کل 54ووٹ ڈالے گئے تھے جس میں عبد القدوس بزنجو نے 41 ووٹ حاصل کیے جب کہ آغا سید لیاقت علی نے 13 ووٹ حاصل کیے اس طرح ان انتخالی نتائج کی روشنی میں ایوان کی اکثریت کا ووٹ حاصل کرنے پر آئین پاکستان کے تحت میں عبدالقدوس بزنجو کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کا اعلان کرتی ہوں۔اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ وہ پورے صوبے کے عوام کی بلاتفریق خدمت کریں گے اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامز ن کریں گے۔اجلاس سے نیشنل پارٹی کے7 ، (ن )لیگ کے 2 اور ایک آزاد رکن غیر حاضر رہے جبکہ نیشنل پارٹی کے3 اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے ایک رکن نے پارٹی کی پالیسی کے بر خلاف عبدالقدوس بزنجو کو ووٹ دیا۔