ہمارے ایٹمی ہتھیار بھارت کیلیے ہیں‘ پاک فوج

465

راولپنڈی(مانیٹر نگ ڈ یسک+آ ئی این پی+ صباح نیوز+آن لائن)پاک فوج نے بھارت کو خبر دار کر تے ہوئے اس پر واضح کیا ہے کہ بھارت ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے نتیجہ وہ خود دیکھے گا،بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی میں ناکام ہوچکا ہے،پاکستان کی ایٹمی صلاحیت خاص طور پر بھارت سے نمٹنے کے لیے ہے،پاکستان کی قابل بھروسہ جوہری صلاحیت نے ہی بھارت کو جنگ سے روک رکھا ہے۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفورنے سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کے پاکستان مخالف بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان بچگانہ، غیرذمے دارانہ ہے، آرمی چیف فور اسٹار عہدے کا افسر ہوتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ آرمی چیف ایک ذمے دارانہ تقرر ہوتا ہے، اس قسم کے غیر
ذمے دار بیانات اہم عہدے والوں کو زیب نہیں دیتے۔پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں جوہری ریاستوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، بھارت ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا جب کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم پاکستان کے خلاف کسی بھی بھارتی مس ایڈونچر کا جواب دیں گے۔ میجر جنرل آصف غفورنے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے ہمیں نشانا بنارہا ہے لیکن اس میں بھی وہ ناکام ہوچکا ہے اور اگر بھارت روایتی جنگ کے ذریعے ہم پر بھاری ہوسکتا تو اب تک ہوجاتا۔انہوں نے کہا کہ ہم پیشہ ورانہ فوج، ذمے دار جوہری ریاست اور تحمل کرنے والی قوم ہیں اور پاکستان کی جوہری صلاحیت مشرق کی طرف سے آنے والے خطرات کے لیے ہے جب کہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت بھارت کو حملہ کرنے سے روک رہی ہے۔واضح رہے بھارتی آرمی چیف نے بیان دیا تھا کہ پاکستان کو تکلیف کا احساس دلاتے رہنا ہماری پالیسی ہے۔