لاہور:این اے122میں ضابطہ اخلاق کی پامالی پر الیکشن کمیشن خاموش ہے،لیاقت بلوچ

210

جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ لاہور میں این اے 122کا ضمنی انتخاب زور شور کے ساتھ تمام انتخابی ضابطوں اور اخلاق کو پامال کر رہا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان حسب روایت اپنے ضابطوں پر عملدرآمد میں ناکام ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہا تھا کہ عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں۔غربت،بے روزگاری،بے راہروی،مہنگائی ،کرپشن بڑھ رہی ہے۔ عوام لاوارث ہیں اوران کا کوئی پرسان حال نہیں۔انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتیںبھی آئین اورانتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل کریں یہی روش جمہوریت اور جمہور کے لیے خطرناک ہے ۔

لیاقت بلوچ نے شاہ کمال اوقاف کالونی میں سماجی رہنما بشیر مغل کے کم سن بچے کے اغوا اور وحشیانہ قتل پر شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ مجرمانہ جرائم بڑھتے جا رہے ہیں ۔معاشر ہ حیوانیت کی آخری حدوں کو چھو رہا ہے جوحکمران،دینی ،سماجی اور سیاسی رہنماﺅں کی روش اور اسلوب حکمرانی اور سیاست پر تازیانہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہوش کے ناخن لیے جائیں اور انسانی معاشرہ کو حیوانیت سے بچایا جائے وگرنہ معاشرہ ٹوٹ پھوٹ جائے گا جس میں ملک کا خسارہ ہے ۔معصوم بچے تحفظ چاہتے ہیں سماج اپنی ذمہ داری پوری کرے۔