مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد بھارت کا رویہ جارحانہ ہوگیا،آفتاب شیر پاﺅ

190

قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پاﺅ نے کہا ہے کہ جب تک افغانستان اور پاکستان میں امن قائم نہیں ہوتا خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ کہتے ہیں صوبائی حکومت میں شمولیت پی ٹی آئی کی دعوت پر قبول کی ہے اور ہمارے ایجنڈے کو تسلیم کرلیا گیا ہے مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد بھارت کا رویہ جارحانہ ہوگیا ہے ،بھارت کو پاکستان کی حیثیت کو تسلیم کرنا ہوگا ورنہ منہ توڑ جواب ملے گا۔

سوات میں ودودیہ ہال سیدو شریف میں سوات پشتو ادبی کلتوری نڑیوالہ جرگہ کے زیر اہتمام ثقافتی شو کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب شیر پاؤ کا کہنا تھا صوبائی حکومت میں شمولیت کیلئے پہل پاکستان تحریک انصاف نے کی ہے اس لئے ہم نے ان کی دعوت قبول کرلی کیونکہ ہمارا دامن صاف تھا اور ہماری پارٹی کی بے گناہی عیاں ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائدین نے ہم پر لگائے گئے کرپشن کے الزمات کے ثبوت فراہم نہیں کئے سیاست میں ہر پارٹی کیلئے دروازے کھلے ہونے چاہئے ، انہوں نے کہا کہ وزیر ستان آپریشن کامیابی سے جارہی ہے جس کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں ، تاہم آئی ڈی پیزکے مسائل کے حل کے لئے حکومت کو اقدامات اٹھانے چاہئے ۔