سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سر خروں ہو گی

166

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سرخرو ہوں گی‘امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں‘صوبے کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور جدوجہدکریں گے ‘ منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں‘محکمے اپنی کوتاہیوں کا ازالہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب، آئی جی بلوچستان کی امن وامان سے متعلق بریفنگ اور جمعیت علمااسلام کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے منصوبہ بندی ، مواصلات و تعمیرات اور خزانے کے محکموں کو رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کے 100فیصد اجرا کے لیے 15فروری 2018ء تک کا ہدف دیا ہے۔ وہ بدھ کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان محدود وسائل رکھتا ہے لہٰذا ہم ان وسائل کے ضیاع ہونے کے ہرگز متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ ترقیاتی محکمے منصوبوں کی پیش رفت کو تیز کریں اور ان کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر اور کوتاہیوں کا ازالہ کریں۔دریں انثا وزیراعلیٰ سے آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری نے ملاقات کی ۔ آئی جی پولیس نے وزیر اعلیٰ کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور کوئٹہ کے سیکورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ نے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پولیس اور سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان سیجمعیت علما اسلام (ف) کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت صوبائی جنرل سیکرٹری ملک سکندر ایڈووکیٹ نے کی۔اس موقع پروزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ اہم صوبائی مسائل پر صوبے سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ وہ سینیٹ اورقومی اسمبلی میں بہتر اور موثر انداز میں بلوچستان کے مسائل کو اجاگر کرسکیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان