معاشی ترقی اور روزگار کی فراہمی کے لیے توجہ دینا ہوگی ، صدر کاٹی

532

ایس ایم ایز اور انٹرپیونرشپ پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے، طارق ملک
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر طارق ملک نے کہا ہے کہ ایس ایم ایز اور انٹرپیونرشپ کے شعبوں پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے، ترقی یافتہ معیشتوں نے چھوٹی صنعتوں اور انٹرپیونرشپ کے فروغ سے معاشی استحکام کی منزل حاصل کی۔ کاٹی کے صدر طارق ملک کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تجارتی پالیسی فریم ورک کے لیے وسیع پیمانے پر مشاورت کا قابل تحسین اقدام اٹھایا۔ اس پالیسی کو مزید مو¿ثر اور قابل عمل بنانے کے لیے اسمال اینڈ میڈیم سائزڈ انٹرپرائزز(ایس ایم ایز) اور انٹرپیونر شپ کے فروغ کے لیے پالیسی خطوط وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں معاشی اعتبار سے ترقی کرنے والے ممالک نے چھوٹی صنعتی یونٹس اور انٹرپیونرشپ کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا۔ طارق ملک کا کہنا تھا کہ ٹریڈ پالیسی کی تشکیل کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وسیع پیمانے پر بزنس کمیونٹی سے مشاورت کی جو خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید استوار پر پالیسی سازی کی ضرورت ہے۔ صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر سطح پر صنعتوں کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔