آزاد کشمیر کے صدرنے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کو کشمیر ی علاقوں میں کام کی پیشکش کر دی

579

آزاد کشمیر کے صدرنے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کو کشمیر ی علاقوں میں کام  کی پیشکش  کر دی

کراچی: آزادجموں کشمیر کے صدر سردارمسعود خان نے لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی(LWMC) کو یہ پیشکش کی ہے کہ وہ اپنا فضلہ تلف کرنے کا کام آزاد کشمیر کے علاقوں میںبھی شروع کرے۔ یہ پیشکش آزادکشمیر کے صدر کی جانب سے دسویں بین الاقوامی سی ایس آر(CSR) سمٹ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کی گئی۔جمعرات کے روزمنعقد ہونے والی سی ایس آر سمٹ کا اہتمام نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ (این ایف ای ایچ) نے کیا تھا۔اس موقع پر ایل ڈبلیو ایم سی کے منیجنگ ڈائریکٹر بلال مصطفی سیداور دیگر مقررین بھی موجود تھے۔آزاد کشمیر کے صدر نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں گھریلو اور دوسرافضلہ تلف کرنے میں کافی پریشانی ہو رہی ہے کیونکہ ہر سال پاکستان بھر سے بڑی تعداد میں لوگ آزاد کشمیر کے سیاحتی مراکز کا دورہ کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے لوگ خطہ میں عمومی معاشی خوشحالی کی وجہ سے پلاسٹک بیگ میں لپٹی ہوئی بہت سے عام استعمال کی اشیاءبڑی تعداد میں استعمال کرنے لگے ہیں ان اشیاءکے استعمال کی وجہ سے پلاسٹک بیگ اور دوسری گندگی آزاد کشمیر کے علاقوں میں بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گھریلو فضلے کو تلف کرنے کاباقاعدہ انتظام ہونا چاہئے تاکہ اس کے سیاحتی مراکز کی خوبصورتی کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مختلف صنعتیں کام کررہی ہیں جن میں ادویات بنانے والی، کپڑے ، غذائی اجناس سے متعلق مختلف فیکٹریاں موجود ہیں۔ ان صنعتوں کو اپنی سماجی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے اپنے صنعتی فضلے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی صحت، صفائی ستھرائی کے پراجیکٹ شروع کرنے چاہئے تاکہ پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کا کام صحیح طور پر شروع کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ کاروباری اداروں کو سماجی شعبوں میں خدمات انجام دینے کیلئے مناسب سہولیات دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی جامعات میں مختلف تکنیکی شعبوں میں تعلیم کیلئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں تاکہ یہاں موجود کاروباری اور صنعتی اداروں کی ہنر مند افرادی قوت کے حوالے سے ضروریات کو پورا کیا جاسکے ۔ اس موقع پر ایل ڈبلیو ایم سی کے منیجنگ ڈائریکٹر بلال مصطفی سید نے کہا کہ آزاد کشمیر کے صدر کی جانب سے پیشکش بہت خوش آئند ہے کیونکہ ملک کے شمالی علاقوں میں موجودپر فضا مقامات کی خوبصورتی کوبچانا اور قائم رکھنا بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی ملک کے دیگر شمالی علاقوں میں بھی ایسی خدمات انجام دینا چاہتی ہیں تاکہ ان علاقوں کے سیاحتی مراکز کی اصل قدرتی خوبصورتی کو قائم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی میں اس وقت 15,000 لوگ کام کر رہے ہیں جن میں 30فیصد کے قریب خواتین ہیں۔ یہ لوگ اپنی پوری کوشش سے لاہور کو صاف ستھرا رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر اور اس کے ملحقہ اضلاع شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور کے علاقوں میں عوام میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے بھرپور مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم میں اسکول ، کالجز اور جامعات کے طالب علموں کو خاص طور پر فوکس کیا جارہا ہے کیونکہ ان کا صفائی ستھرائی کے حوالے سے اہم کردار ہے ۔ اس موقع پر این ایف ای ایچ کے صدر محمد نعیم قریشی نے بھی خطاب کیااور مذاکرہ منعقد کرنے کے بنیادی اغراض و مقاصد سے حاضرین کو آگاہ کیا۔

مصطفی طاہر ۔ سیکریٹری اطلاعات
0334-3473682