کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کسٹمز نے مس ڈیکلریشن کے ذریعے 60 کروڑ روپے مالیت کے قیمتی امریکی اور کوریا کے برانڈڈ موبائل فونز اور ٹیبلٹ کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے ذریعے مزید 3 کنٹینرز روک لیے۔ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل 3 درآمد کنندگان کی جانب سے ریفریجریٹر پارٹس، گارمنٹس اور ڈائز کی آڑ میں قیمتی برانڈڈ موبائل فونز، ٹیبلٹس اور موبائل بیٹریاں اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی جسے اپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ نے ناکام بنا دیاتھا جس کے بعد مذکورہ درآمدکنندگان نے چالاکی کا مظاہر کرتے ہوئے فوری طور پر مذکورہ کنسائمنٹس کو ری ایکسپورٹ کرنے کی اجاز ت طلب کر لی تھی اور بعدازاں پہلے سے داخل کردہ گڈز ڈکلریشن کے مطابق ریفریجریٹر پارٹس، ڈائز اورگارمنٹس پر مشتمل مزید 3 کنٹینرز پاکستان بھیجے تاکہ یہ ظاہر ہوسکے کہ چند روز قبل پہنچنے والے کنٹینزکی غلطی سے پاکستان آمد ہوئی جبکہ بعد میں بھیجے جانے والے 3 کنٹینرز گڈز ڈیکلریشن کے مطابق درآمد کرنے تھے۔ ذرائع کے مطابق کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ نے مذکورہ درآمدکنندگان کو نہ ری ایکسپو ر ٹ کی اجازت دی اور نہ ہی جی ڈی سے مطابقت رکھنے والی اشیا پر مشتمل کنسائمنٹ کو کلیئرنس دی، مذکورہ تینوں درآمدکنندہ مشکوک کمپنیوں کا تعلق لاہور سے ہے۔