جن ممالک میں انصاف نہیں ہوتا وہ ختم ہو جاتے ہیں، عمران خان

207

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جن ممالک میں انصاف نہیں ہوتا وہ ممالک ختم ہو جا تے ہیں ، پاکستان بنانے کا مقصد لوگوں کو انصاف فراہم کرنا تھا ، نیب میں کرپشن کے 180 بڑے کیسز ہیں جن میں سے 12 کیسز نوازشریف کے خلاف ہیں ۔

لاہور میں این اے 122 کے ضمنی انتخاب کے لئے ہونے والے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا پاکستان کسی مقصد کیلئے بنا تھا، نوجوانوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ پاکستان کس مقصد کے لیے بنا ہے، عدل وانصاف کی بنیاد پرہی پاکستان کا قیام عمل میں آیا، اور اگر ہم پاکستان بنانے کامقصد حاصل نہ کیا تو ہمارا کوئی فائدہ نہیں، اسلام میں قانون کے سامنے کمزور اور طاقتور برابر ہیں۔ سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا انصاف کےحصول میں مجھے ڈھائی سال لگے ، ایسانظام چاہتے ہیں جہاں ایماندار افراد اسمبلیوں میں جائیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا چوہدری سرور کارکنوں کو دھاندلی کی روک تھام کی ٹریننگ دے رہے ہیں، میاں صاحب کی وکٹ گرتی ہے تو ایمپائر نوبال دے دیتا ہے ۔ عمران خان کا کہنا تھا 11 اکتوبر کو عوام اپنے مستقبل کیلئے نکلیں گے، 2013 میں ن لیگ نے ایمپائروں کو ملا کرمیچ کھیلا تھا، پاکستان کوایک فلاحی ریاست بنائیں گے، نئےپاکستان کامطلب ایک نیانظام لائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا مجھے معلوم ہے کہ ڈیزل پر50 فیصد جی ایس ٹی لگ گئی ہے، گرمیوں میں بجلی نہیں تو سردی میں گیس نہیں، دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، تیل کی قیمت میں کمی کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، عوام سے 70 فیصد اضافی بل وصول کیے گئے، کسانوں اور مزدوروں کی حالت بہترکرنے کیلئے کچھ نہیں کیا جا رہا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ بھی ظالمانہ ہے، حکمران ٹیکس نہیں دیتے سارا ٹیکس عوام سے وصول کیا جاتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نیب میں کرپشن کے 180 کیسز التواء کا شکار ہیں، نیب میں12کیسز نوازشریف کے خلاف ہیں، شہبازشریف اوراسحاق ڈارکے خلاف بھی نیب میں کیسزہیں، اپوزیشن لیڈرخورشیدشاہ پربھی کرپشن کا کیس ہے۔