بلوچستان پولیس کی کرایہ داروں کو معلومات فراہم کرنے کی ہدایت

206

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ رجسٹریشن نہ کرانے والے کرایہ داروں، عمارتوں کے مالکان اور پراپرٹی ڈیلرز کیخلاف مقدمات درج کرکے کارروائی کی جائے گی۔ بلوچستان پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبے میں خاص طور کوئٹہ میں کرایہ حاصل کرنے والے افراد اور کرایہ پر دینے والی عمارتوں کے حوالے سے تھانوں کی سطح پر مکمل معلومات فراہم کی جاتی ہے جبکہ مالک مکان اور کرایہ د ار دونوں کو علاقہ تھانہ باقاعدہ اندراج کی کاپی فراہم کرتا ہے۔ کچھ عرصے سے تھانوں کی سطح پر رجسٹریشن کا عمل کچھ علاقوں میں نہیں ہورہا اور چند پراپرٹی ڈیلرز کیخلاف ورزی کررہے ہیں۔ اس حوالے سے پولیس اْن کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لارہی ہے۔ اس سلسلے میں تمام ایسے افراد جوکہ کرایہ کے مکانوں میں سکونت پذیر ہیں اْن سے کہا گیا ہے کہ فوری طور پر اپنے متعلقہ تھانوں میں کرایہ داری کا اندراج کروائیں جبکہ پراپرٹی ڈیلرز بھی اس عمل کے پابند ہوں گے۔ بصورت دیگر اْن کیخلا ف ایف آر درج کر کے قانون کےُ مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔