بے نظیر قتل ، پرویز مشرف کی ضمانت ضبط ، املاک کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر عدالت برہم

150

راولپنڈی(صباح نیوز)بے نظیر قتل کیس میں نامزد اور عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیے جانے والے سابق صدر پرویز مشرف کی ضمانت ضبط کرلی گئی ہے۔ گزشتہ روزراولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بے نظیرقتل کیس میں نامزد اشتہاری ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں اشتہاری ملزم پرویز مشرف کی جائداد ضبط کرنے سے متعلق معاملے کا ازسر نو جائزہ لیا اور ملزم کی
املاک کی تفصیلات پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کی ضمانت کے 10، 10لاکھ روپے کی رقم ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے پرویز مشرف کے اشتہاری ہونے کے بعد یہ رقم بحق سرکار ضبط کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20فروری تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہونے والی گزشتہ سماعت میں عدالت نے بے نظیر قتل کیس میں نامزد سابق صدر پرویز مشرف کے ضامنوں نذیراحمد اور ممتاز حسین کو آخری مہلت دی تھی کہ وہ اشتہاری ملزم کی جائداد کی تفصیلات پیش کریں ورنہ ضامنوں کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی زر ضمانت ضبط کرلی جائے گی جبکہ عدالت نے ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔