کوئٹہ‘سیکورٹی کے پیش نظر کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد شروع 

151

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر پولیس نے پہلی بار کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد شروع کردیا ہے۔ پولیس تھانوں میں کوائف جمع نہ کرانے والے 10 کرایہ داروں ،مکان مالکان اور پراپرٹی ڈیلرز کو گرفتارکرکے 6مقدمات درج کرلیے ۔ ایس ایس پی آپریشنز نصیب اللہ خان کا کہنا ہے کہ شہر کے 36ہزار میں سے 18ہزارکرایہ کے گھروں اور عمارتوں کی رجسٹریشن ہوچکی ہے۔ باقی کرایہ داروں، مالکان اور پراپرٹی ڈیلرز نے رجسٹریشن نہ کرائی تو ان کے
خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو جرمانہ اور ایک سال تک قید ہوسکتی ہے۔کوئٹہ پولیس نے اگست 2015ء میں بلوچستان اسمبلی سے پاس ہونے والے کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد شروع کردیا ہے۔قانون کے تحت عمارت کے مالک پر لازم ہوگا کہ وہ کوئی بھی عمارت، دکان ،فلیٹ یا مکان کرایے پر دینے سے قبل کرایہ دار کے ساتھ تحریری معاہدہ کرے گا اور معاہدے کی تصدیق شدہ کاپی کے ساتھ پولیس یا لیویز کی جانب سے جاری کردہ فارم میں کرایہ دار کے مکمل کوائف اور مکان میں رہائش پذیرن 14سال سے بڑی عمر کے افراد کی تفصیلات متعلقہ تھانے میں جمع کرائے گا۔