جب تک حکومت ساتھ دے گی پی آئی اے کو چلائیں گے،چیئرمین پی آئی اے

156

چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر کا کہنا ہے کہ 90 فیصد پائلٹس ہمارے ساتھ ہیں ، پالپا والوں کا مطالبہ ہےکہ ڈائریکٹرفلائٹ آپریشنز کو فارغ کیا جائے ، مسافروں کو درپیش مشکلات پر معذرت خواہ ہوں ۔ جب تک حکومت نے ساتھ دیا پی آئی اے کو چلائیں گے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر کا کہنا تھا کہ مسائل پیدا کرنے والے پائلٹس کی تعداد بہت کم ہے ۔ پالپا ارکان کومذاکرات کے لیے بلایا تھا ، پالپا مذاکرات کو تیار نہیں ہم بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔ چند ایک پائلٹس کی وجہ سے قومی خزانے کو نقصان ہو رہا ہے ۔ عامرہاشمی سےکہتاہوں کہ ہمارےدروازےمذاکرات کےلیےکھلے ہیں۔

ناصر جعمر کا کہنا تھا کہ پائلٹس کو شوکاز نوٹس ایوی ایشن نے دیئے پی آئی اے نے نہیں دیئے ۔ آج شیڈول کے مطابق ایک سو سات پروازیں تھیں جن میں صرف دو منسوخ ہوئیں ، ایک موسم کی خرابی کی وجہ سے ایک پائلٹ کی عدم موجودگی کی وجہ سے ۔ پی آئی اے کو پہلے ہی خسارے کا سامنا ہے۔ ملک کی خاطر پائلٹس ذمے داری کا ثبوت دیں ۔

چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر کا کہنا تھا کہ پالپا نے مذاکرات کے دوران چار مطالبے رکھے تھے ان کا پہلا مطالبہ تھا کہ ڈائریکٹر فلائٹ آپریشنز کو فارغ کیا جائے ، دوسرا مطالبہ تھا کہ پائلٹس کو دیئے گئے شوکاز نوٹسز واپس لئے جائیں، تیسرا مطالبہ تھا کہ پالپا پائلٹس کی سنیارٹی خود طے کرے گی اور چوتھا مطالبہ تھا کہ نوکری سے فارغ کئے گئے پائلٹس کو بحال کیا جائے ۔