منافع خوروں نے مہنگائی کا طوفان برپا کر رکھا ہے،زبیر لطیف

197

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68 کے امیر میاں زبیر لطیف، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم اور نائب امیر عبدالستار بیگا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی غفلت اور لاپروائی کے باعث گرانفروشوں، منافع خوروں نے مہنگائی کا طوفان برپا کر رکھا ہے۔ مارکیٹ کمیٹی اور ضلع حاکم کی جاری اشیا خورونوش سمیت پھلوں اور سبزیوں کی ریٹ لسٹ کے برعکس آٹا، بناسپتی گھی، کوکنگ آئل، دالیں، چھوٹا اور بڑا گوشت، دودھ، دہی، مرچ مصالحہ جات، مرغی کا گوشت، مشروبات اور دیگر روز مرہ کی اشیا ضروریہ من مرضی کے نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں مگر گرانفروشوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ منافع خور عوام کو لوٹ رہے ہیں، ہفتہ وار سستے اور ماڈل بازاروں میں بھی غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ڈی سی فیصل آباد سے گرانفروشوں کیخلاف فی الفور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔