جامعہ پنجاب کی انتظامیہ شرپسند عناصر کیخلاف کارروائی کرے، میاں مقصود

312

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے پنجاب یونیورسٹی میں کشیدگی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں پر اپنی شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت تاریخی درس گاہ کا ماحول خراب کیا جارہا ہے۔ ایک لسانی تنظیم کی جانب سے جمعیت کے پائنیز فیسٹیول کو خراب کرنے اور توڑ پھوڑ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پولیس کی جانب سے اسلامی جمعیت طلبہ کے خلاف روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختون طلبہ گروپ کی طرف سے آئے روز منفی ہتھکنڈے استعمال کرنا تشویش ناک ہے۔ پنجاب یونیورسٹی میں پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ، گرفتاریوں کے لیے ہاسٹلز میں سرچ آپریشن اور داخلی وخارجی راستوں کو بلاک کرنا افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی مثبت سرگرمیوں کو ٹارگٹ کرکے جامعہ پنجاب کا پُرامن تعلیمی ماحول تباہ کرنا غیر ذمے دارانہ طرز عمل اور لمحہ فکر ہے جس سے پورے ملک میں منفی پیغام جاتا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے ان قوم پرست شرپسند عناصر کیخلاف جلد از جلد کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے تمام گرفتار کارکنان اور ذمے داران کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ پولیس نے جس انداز میں معاملے کو ہینڈل کیا اس سے طلبہ اور ان کے والدین میں اضطراب بڑھ گیا ہے۔ یونیورسٹی میں لسانیت کو پھیلانے اور امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔