چترال،واپڈا کی ناقص کارکردگی کیخلاف شہری سڑکوں پرنکل آئے

193

پشاور (وقائع نگار خصوصی ) واپڈا کی ناقص کاررکردگی کیخلاف اہل چترال نے پشاور پریس کلب کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت چترال سے قومی اسمبلی کیلیے نامزد امیدوار سابق MNA مولانا عبدالاکبر چترالی کر رہے تھے۔ اس موقع پرمولانا جاوید احمد ، ڈاکٹر نذیر ، فصل ربی جان ، عبدالحق ، شمس معاویہ ، قاری فدا ، مولانا خلیل احمد ، عصمت اللہ دمیلی ، قاری کو ثر نیازی ، سردار احمد ، مختار احمد اور زبیر احمد اور دیگر چترالی کثیر تعداد میں موجودتھے۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں اور واپڈا کی ناقص کارکردگی کے خلاف شدید نعرے لگائے ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا عبدالاکبر چترالی اور ڈاکٹر نذیراحمد نے کہا کہ گولین گول ہائیڈل پاور پروجیکٹ کی تکمیل پر ہم مملکت کویت ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ جن کی امدادسے یہ عظیم پروجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچا ۔لیکن ہم اس بات پر شدید احتجاج کرتے ہیں کہ علاقہ بروز جہاں 30میگاواٹ بجلی کی سپلائی کیلیے گرڈاسٹیشن تعمیر کیا گیا ہے ،یوسی بروز کو یکسر بجلی کی نعمت سے محروم رکھا گیا ۔ اسی طرح صرف بروز ہی نہیں بلکہ یوسی آیون ، یوسی شیشی کوہ ، یوسی عشریت کے علاقہ ارسون ، یوسی ارندوبشمول دمیل نسار ، تحصیل لٹکوہ کے تمام یو سیز اور اپر چترال کو بجلی پہنچانے کا کوئی ہوم ورک نہیں کیا گیا اب تک تحصیل لٹکوہ ، تحصیل چترال کے بروز، آیون ، بمبوریت ، رمبور ، بریر ، جنجریت کوہ ، شیشی کوہ ، ارسون اور تحصیل ارندو کے علاقوں میں کھمبوں کی تنصیب کا کام شروع ہی نہیں کیا گیا۔ اور نہ ان علاقوں کے مکینوں کو یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کب تک ان علاقوں کو بجلی کی فراہمی ہوسکے گی ! جو واپڈاکی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ لہٰذاہمارا مطالبہ ہے کہ فوری اور بلا تا خیران علاقوں میں وزیر اعظم کے آنے سے پہلے بجلی کے کھمبے نصب کیے جائیں اور حسب ضرورت ٹرانسفارمر مہیا کیے جائیں بصورت دیگر ہم ان علاقوں کے مکینوں کو لے کر وزیر اعظم کے چترال آمدکے موقع پر بھر پور احتجاج کریں گے ۔ اگر اس وقت امن و امان کا کوئی مسئلہ پیدا ہوا تواس کی تمام ترذمے داری وفاقی حکومت اور واپڈاحکام پر عائد ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ایم این اے چترال عوام کی نما ئندگی کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں اوردوسروں کی کار کردگی کو اپنے کھاتے میں ڈالنے کے عادی ہوگئے ہیں ۔