جماعت اسلامی کھیلوں کی بہتری کیلیے کام کررہی ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

130

اوتھل(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی بلوچستان کے امیرمولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کیلیے کھیل ضروری ہیں کیونکہ ایک صحت مندجسم میں ہی صحت منددماغ پرورش پاتاہے ، بلوچستان حکومت نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیاکرنے کیلیے اقدامات کرے، بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ملکی سطح پر اپنا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں جماعت اسلامی اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے کھیلوں کی بہتری کیلیے کام کررہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں جماعت اسلامی یوتھ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فائنل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان حقیقی معنوں میں بلوچستان کا مستقبل ہیں جماعت اسلامی یہ یقین رکھتی ہے کہ نوجوانوں کیلیے ایک بہترین ماحول میسرکیاجائے جس سے وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور فائدہ اٹھاسکیں ۔جماعت اسلامی لسبیلہ کے پروفیسر عبدالستار رونجھااور ان کے ساتھیوں نے اپنی کی کاوشوں سے اوتھل میں کرکٹ کا ایک بہترین ایونٹ منعقد کراکے ایک صحت مندانہ سرگرمی کا آغاز کیاایسے ٹورنامنٹ سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھارآئے گا اور ان میں مزید جذبہ پیداہوگا جس سے مستقبل میں بہترین کھلاڑی ابھرکر سامنے آئیں گے۔ قبل ازیں جماعت اسلامی یوتھ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پاک وایارہ اور وندر شاہین کے مابین فائنل کھیلاگیا جس میں پاک وایارہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 170بنائے اور اپنی مدمقابل ٹیم کو 171رنز کا ٹارگٹ دیادوسری اننگز میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے وندر شاہین 154رنز ہی بناسکی ایک موقع پر وندر شاہین کے راشد مراد نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور میچ کو اپنے حق میں کردیا لیکن ایک موقع پر انہوں نے جلد بازی کامظاہرہ کرتے ہوئے رنزلینے کی کوشش کی تو وہ رن آؤٹ ہوگئے یہ موومنٹ پاک وایارہ کیلیے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا اور فائنل پاک وایارہ نے جیت لیافائنل میچ دیکھنے کیلیے شائقین بڑی تعدادمیں میچ دیکھنے کیلیے ایلمینٹری کالج اوتھل کے کرکٹ گراؤنڈمیں موجود تھے میچ کی کمنٹری عبدالنصیب رونجھوکررہے تھے جبکہ فائنل تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض لسبیلہ کے نامور کرکٹر برکت لطیف نے سرانجام دیے اس موقع پر جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن،جماعت اسلامی لسبیلہ پی بی 44کے امیر پروفیسر عبدالستار رونجھا،جماعت اسلامی گوادر کے امیر سعید احمد بلوچ،ضلعی اسپورٹس آفیسر لسبیلہ محمد یوسف بلوچ ، معروف اسپورٹس آرگنائزرعبدالصمدرونجھو، عبدالحمید منصوری،عبدالمالک رونجھو،ماسٹر اللہ ڈنہ بندیجہ اور دیگر موجود تھے ۔