ملک بھر کی نہروں میں جلد پانی چھوڑا جائے،علی احمد گورایہ

390

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)کسان بورڈکے ڈویژنل صدرعلی احمدگورایہ نے کہاہے کہ ملک بھر کی نہروں میں جلد از جلد پانی چھوڑا جائے تاکہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہونے سے بچ رہیں۔انہوں نے کہا پہلے ہی کسانوں کو شوگر ملوں نے لوٹ کرکنگال بنا دیا ہے اور اب رہی سہی کسر نہروں کا پانی بند کرکے انکی معیشت کو مکمل تباہی سے ہمکنار کیا جا رہا ہے۔کئی جگہ پرابھی گندم کی فصل کو پہلا پانی بھی نہیں لگایا گیا اور اگر پہلا پانی لیٹ ہو جائے تو گندم کی فصل 25 فی صد کم ہو جاتی ہے۔ پانی نہ آنے سے جہاں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ و بربادہو جائیں گی وہاں درجنوں مویشی بھی پانی نہ ملنے کی وجہ سے تڑپ تڑپ کر ہلاک ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو صوبائی حکومت پانی کی سپلائی روک کر ہمیں ماررہی ہے جبکہ دوسری طرف وفاقی حکومت واپڈا کے ذریعے اوور بلنگ کرکے غریب کسانوں کو ماررہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جانور چارہ نہ ملنے کی وجہ سے مرنا شروع ہوچکے ہیں۔