جامعہ کراچی سالانہ جلسہ تقسیم اسناد 27 جنوری کو ہوگ

1011

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر نے کہا کہ جامعہ کراچی کا جلسہ تقسیم اسناد پاکستان میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا جلسہ تقسیم اسناد(کانووکیشن) ہوتا ہے۔

امسال جامعہ کراچی کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد بروز ہفتہ 27 جنوری 2018 ء کو صبح 10:00 بجے جامعہ کراچی کے ولیکا کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد کیا جائے گا۔جس کی صدارت گورنر سندھ و چانسلر جامعہ کراچی محمد زبیر کریں گے جبکہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ مہمان خصوصی ہوں گے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمداجمل خان خطبہ استقبالیہ پیش کرینگے۔

مذکورہ جلسہ میں امتیازی حیثیت سے کامیاب ہونے والے طلباوطلبات کو طلائی تمغا جات بھی عطا کئے جائیں گئے۔ اس سال جامعہ کراچی کے اٹھائیسویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں کل 1891 طلباوطالبات کو اسناد جبکہ 187 طلائی تمغے عطاکئے جائیں گے۔ جس  میں بیچلرز کی 730 ،ماسٹرز کی 963، فارم ڈی کی 126 ،ایم ڈی کی ایک جبکہ ایم فل کی 20 اور پی ایچ ڈی کی 51 اسناد تفویض کی جائیں گی۔

۔08 ہزار سے زائد افراد مادرعلمی کے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کریں گے جن میں اساتذہ، طلبا وطالبات، والدین، عمائدین شہر، سفارتکار، تاجراور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔

ڈاکٹر اقبال اظہر نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباوطالبات نے ہمیشہ ملک کی فلاح وبہبود اور ترقی وخوشحالی کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں ہیں اور آئندہ بھی ہمارے طلبہ اسی راہ پر گامزن رہتے ہوئے ملک وقوم کی ترقی میں کلیدی کردار اداکرتے رہیں گے۔

ڈاکٹر اقبال اظہر نے مزید کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گورنر سندھ وچانسلر جامعہ کراچی محمد زبیرجامعہ کراچی کے سند یافتہ ہیں اس کے علاوہ یہ امر بھی ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ صدر پاکستان ممنون حسین بھی جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل ہیں۔ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ آپ نے تعلیم کے شعبہ میں مختلف تقریبات میں شرکت کی ہوگی لیکن جامعہ کراچی کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد ملک کے بڑے اجتماعات میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے اور یہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔