حکمرانوں کی وجہ سے قوم کی بیٹیوں کی عزتیں پامال ہورہی ہیں، مشتاق احمد خان

223

پشاور(وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی وجہ سے قوم کی بیٹیوں کی عزتیں پامال ہورہی ہیں ، قصور کی زینب ، مردان کی اسما اور ڈیرہ اسماعیل خان کی شریفاں بی بی حکمرانوں کی بے حسی کی بھینٹ چڑھیں۔ شرم کی بات ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایجنٹ کا کردار اداکیا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ دراصل اسلام کے خلاف جنگ ہے۔ حکمرانوں کا کردار ڈبل شاہ کی طرح ہے، پاکستان میں سیاسی جماعتیں پبلک لمیٹڈ کمپنیز بن چکی ہیں جہاں لوگ منافع کمانے آتے ہیں اور قیادت وراثت کی طرح منتقل ہوتی ہے۔ جماعت اسلامی قوم کو موروثی سیاستدانوں اور امریکی گماشتوں سے نجات دلانے کے لیے برسر پیکار ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے عباس کالونی پی کے ون میں جماعت اسلامی شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شمولیتی جلسے سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری اور امیدوار پی کے ون بحر اللہ خان،ڈسٹرکٹ ممبر طاہر زرین، امیدوار پی کے 8فضل اللہ داؤدزئی، مہمند ایجنسی کے امیر ملک سعید خان اور ملک عمران اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ شمولیتی جلسے میں امیر جماعت اسلامی ٹاؤن ون سراج الدین قریشی، پی کے ون کے امیر مشتاق یوسفزئی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملک عمران اور دیگر نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ سیاسی جماعتیں پراپرٹیاں بن چکی ہیں، باپ کے بعد بیٹا، بیٹی ، بھتیجا اور نواسہ پارٹی سربراہ بنتے ہیں، سیاسی جماعتوں کے پاس نوجوانوں کے لیے کوئی پروگرام ہے نہ ہی یہ جماعتیں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کاموقع دیتی ہیں، صرف جماعت اسلامی کے پاس نوجوانوں کے لیے پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ہمیں صحت ، تعلیم ، ترقی سے محروم رکھا، ہماری آزادی گروی رکھی اور ہمارے بچوں اور بچیوں کو حفاظت فراہم کرنے میں بھی یہ حکمران ناکام رہے ہیں۔ان حکمرانوں کے خلاف اٹھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی صورت میں امریکی گھوڑے عالم اسلام اور پاکستان پر مسلط ہیں،عالم اسلام اور پاکستان اس کینسر کی زد میں ہے، اس کینسر کی وجہ سے عالم اسلام اور پاکستان میں غربت اور پسماندگی ہے، تعلیم اور صحت سے دور اور امریکا اور اس کے حواریوں کی غلامی میں ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان اور عالم اسلام کے کینسر کا علاج کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک ہر قسم کے وسائل سے مالا مال ہیں لیکن اس کے باوجود ان کا قبلہ اول یہودیوں کے قبضے میں ہے۔ٹرمپ پاکستان کو دھمکی دیتا ہے کہ اس نے ہمارے 33ارب ڈالر کھائے ہیں ، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امریکی جنگ میں خود پاکستان کو 118ارب ڈالر اور ستر ہزار سے زائد انسانی جانوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں۔