جامعہ پنجاب کاپُرامن تعلیمی ماحول تباہ کرنا غیر ذمے دارانہ عمل ہے

163

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے پنجاب یونیورسٹی میں کشیدگی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں پر اپنی شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پنجاب یو نیورسٹی کاماحول خراب کیا جارہا ہے۔ لسانی تنظیموں نے جمعیت کے بڑھتے ہو ئے دائرہ کار سے خوفزدہ ہو کر پائنیز فیسٹیول پر حملہ اور توڑ پھوڑ کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی مثبت سرگرمیوں کوٹارگٹ کرکے جامعہ پنجاب کاپُرامن تعلیمی ماحول تباہ کرنا غیر ذمے دارانہ طرز عمل ہے، جس سے پورے ملک میں منفی پیغام جاتا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے شرپسند عناصر کیخلاف جلد از جلد کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ ونگ جھنگی سیداں کے کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جامعہ پنجاب میں اسلامی جمعیت طلبہ کی خدمات اور تعلیمی و سماجی سرگرمیوں کی طویل تاریخ ہے۔ ہر دور میں مخصوص ذہن اور لابیاں کوشاں رہتی ہیں کہ جامع پنجاب میں ہونے والے واقعہ کو قومی سطح پر بہت ہی خوفناک بنا کر پیش کیا جائے۔ پنجاب یونیورسٹی میں پولیس کی جانب سے آنسوگیس کی شیلنگ، گرفتاریوں کے لیے ہاسٹلز میں سرچ آپریشن اور داخلی وخارجی راستوں کو بلاک کرنا افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے تمام گرفتار کارکنان اور ذمے داران کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ، پولیس اور صوبائی حکومت بروقت اقدامات کرتی تو جامعہ کے لیے بدنامی پیدا نہ ہوتی۔