پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے پاکستان کا سب کرپٹ ترین شخص نوازشریف ہے ، کہنا نہیں چاہتا مگر آج کہنا پڑ رہا ہے کہ نوازشریف سے آصف زرداری بہتر تھا ، لندن میں نوازشریف کے بیٹے کا گھر 700 کروڑ کا ہے پاکستان میں 10 کروڑ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ۔
اوکاڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے 1994 سے 1997 تک 470 روپے ٹیکس دیا ۔ میاں صاحب !آپ نے منی لانڈرنگ کی ہے ، ٹیکس چوری کیا ہے ، میاں صاحب ، آپ پاکستان کے کرپٹ ترین آدمی ہیں ، میاں صاحب معصوم سی شکل بنا لیتے ہیں ، میاں صاحب آپ تھوڑی دیر سب کو بیوقوف بنا سکتے ہیں ، زیادہ دیر نہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ کہوں گا کہ آپ سے تو آصف زرداری بہتر تھا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مجھے وزیراعظم بننے کا شوق نہیں ، اللہ نے وزیراعظم سے زیادہ عزت دی ہے ، ہم نے پاکستانی قوم کو شعور دیا، قوم کو جاگنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں، پاکستانی نوجوانوں کے حقوق کےلیے کھڑا کرنے کی کوشش کی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم جتنی جدوجہد کرتی ہے اتنا اوپر جاتی ہے، ظلم اور ناانصافی کا نظام نہیں چل سکتا، آج ہر پاکستانی ایک لاکھ ایک ہزار روپے کا مقروض ہے ، نوجوانوں مجھے پتہ ہے کہ آپ کو نوکریوں کی فکر ہے، نوجوانوں مجھے معلوم ہے بے روزگاری اہم مسئلہ ہے، اوکاڑہ صرف انتخاب کےلئےنہیں نوجوانوں کو بڑی تحریک میں شامل کرنے آیا ہوں، انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والی قوم اوپر جاتی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا میں نے بیرون ملک میں حقیقی جمہوریت کو چلتے دیکھا ہے، برطانیہ، یورپ میں کام کرنے والوں سے پوچھیں وہاں کتنی خوشحالی ہے، یورپ میں لوگوں کو انصاف ملتا ہے اس لئے وہاں خوشحالی ہے، میں ایک تحریک کی تیاری کر رہا ہوں جو ہمیں عظیم قوم بنائے گی، ملک میں امیر اور غریب کے لئے الگ الگ قانون ہے ، پاکستان میں نہ کسان کے لیے انصاف ہے نہ اقلیتوں کےلیے، نوجوانوں آپ کے کپتان نے کبھی ہار نہیں مانی، یہاں کسان کو ساڑھے 10 روپے فی یونٹ بجلی ملتی ہے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا لوڈشیڈنگ اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ، میں کسانوں کی ترقی کے لئے 5 سالہ منصوبہ بناؤں گا، جب تک انصاف کےلئےجنگ نہیں لڑی جاتی معاشرہ ترقی نہیں کرتا، خیبرپختونخوامیں ہماری سب سے بڑی کامیابی بلدیاتی نظام ہے، نیاخیبرپختونخوا بچوں کی تعلیم پر پیسہ خرچ کررہا ہے، جو وعدے کروں گا پورے کرکے دکھاؤں گا، بلدیاتی نظام سے اختیارات نچلی سطح تک پہنچے ہیں، وعدہ ہےاقتدارمیں آکر عوام کا پیسہ اپنے اوپر خرچ نہیں کروں گا۔