سندھ اور بلوچستان پانی سمیت تمام تصفیہ طلب امور حل کرنے پر متفق

154

کوئٹہ( اے پی پی) سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے دونوں صوبوں کے مابین پانی سمیت تمام تصفیہ طلب امور کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سفارشات مرتب کر کے پیش کریں گے۔ گزشتہ شب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے بلوچستان کابینہ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے قبل دونوں وزرائے اعلیٰ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران حب ڈیم کے پانی کے استعمال کی مد میں سندھ کے ذمے واجبات کی ادائیگی اور ارسا معاہدے کے
تحت پٹ فیڈرکنال کے ذریعے بلوچستان کے حصے کو پانی کی فراہمی میں کمی کے مسئلے پر بھی بات چیت کی گئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دونوں صوبوں کی سیاسی قیادت نے پانی کے مسائل فوری حل کرنے کے لیے موثر اقدامات پر اتفاق کرتے ہوئے طے کیا کہ دونوں صوبوں کے متعلقہ حکام مشترکہ طور پر سفارشات مرتب کرکے صوبائی حکومتوں کو پیش کریں گے۔ ملاقات میں دونوں صوبوں کے مشترکہ سرحدی علاقوں میں سیکورٹی مزید بہتر بنانے اور دونوں صوبوں کی پولیس کے درمیان تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیرا علیٰ بلوچستان نے سندھ کے اعلیٰ تعلیمی اور تربیتی اداروں میں بلوچستان کے طلبہ کے لیے مختص کو ٹے میں اضافے کی درخواست کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے بلوچستان کے طلبہ کے لیے مختص کوٹے میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں بین الصوبائی رابطوں کے فروغ کو قومی یکجہتی کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔