لاہور ہائیکورٹ‘ مثبت رویے انصاف کی فراہمی کی بنیادی شرط قرار

171

راولپنڈی( آن لائن )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے رویے میں تبدیلی کو انصاف کی فراہمی کی بنیادی شرط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنچ اور بار قانون کے محافظ ہیں قانون کی اصل تشریح کے مطابق انصاف کی فراہمی عدلیہ اور بار کے فرائض میں شامل ہے لیکن ججوں ، عدالتی عملے اور وکلا کی نرم خوئی اور سائلین سے اخلاقی برتاؤمظلوموں کے لیے ایک بڑے حوصلے کی نوید بن سکتا ہے۔ پیشہ ورانہ کیرئیر میں بنچ اور بار نے جو محبت احترام اور تعاون دیا یہ میری زندگی کا اثاثہ ہے ۔ ا ن خیالا ت کا اظہارانہوں نے الوداعی پارٹی کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر جسٹس عباد الرحمن لودھی، جسٹس خالد محمود ملک سمیت دیگر ججزاورعدالتی عملے کی بڑی تعداد شریک تھی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عدالتی نظام کرپشن فری ہو گا ، سائل کی آدھی تکلیف عدالتی عملے کے رویے سے کم ہو گی۔جو کام پائپ لائن میں ہیں انہیں اپنی مدت پوری ہونے تک مکمل کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔ میں نے اپنے دور میں عملے کے اعتماد کو بحال کیا ہے، میری عدالتی ریفارمز تب مکمل ہوں گی جس روز ایک عام آدمی عدالتی اہلکار کورشورت دے اوراہلکار رشوت لینے سے انکار کردے۔