اوگرا نے ایل این جی کی عبوری قیمت مقرر کر دی ، اوگرا حکام کا کہنا ہے ایل این جی کی قیمت ملکی مفاد کی خاطر دی ہے ۔
اسلام آباد: اوگراکی طرف سے ایل این جی کی عبوری قیمت مقرر کرنے کی تفصیلات جاری کر دی گئیں ۔ اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ عبوری قیمت نہ دیتے توحکومت کو ایل این جی ٹرمنل آپریٹر کو بھاری ادائیگی کرنا پڑتی ۔ حکام کا کہنا ہے پی ایس او کی ایل این جی کی ادائیگی نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے کمپنی کو مالی بحران درپیش ہے، اس لئے پی ایس اوکیلئے1.8ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو مارجن مقرر کیا ہے ۔
اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ ایل این جی درآمد نہیں ہوتی تو توانائی بحران سنگین ہونے کا اندیشہ تھا، اور دوسری طرف قطر سے حکومتی سطح پر ایل این جی کے ممکنہ معاہدے پر منفی اثر پڑتا ۔ اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ اب ایل این جی کے اصل خریداروں کے ساتھ معاہدے کئے جائیں، ایل این جی پر دیگرپٹرولیم مصنوعات کی طرح گیس سیس نہ عائد کیا جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سوئی کمپنیوں کے لئے سروس چارجز مسترد کر دیئے گئے جبکہ ٹرمنل آپریٹر کے لیے 0.66 سینٹ فی ایم ایم بی ٹی یو منظور کیا گیا ہے ۔