امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹرخالد محمود نے ہفتہ کو روزنامہ جسارت کراچی کے دفتر کا دورہ کیا ۔

822

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹرخالد محمود نے ہفتہ کو روزنامہ جسارت کے دفتر کا دورہ کیا ۔انہوں نے اخبارکے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ان کے ساتھ سردار جاوید احمد خان سیکرٹری مقیم مہاجرین جموں وکشمیر ، سردار عبدالحمید امیرضلع کراچی جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر ، راجہ محمد صغیر اور حاجی عبدالحسین نائب امیر جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر شامل تھے ،

جسارت اخبار کے چیف ایڈیٹراطہر علی ہاشمی سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ روزنامہ جسارت کا ایک تابناک ماضی ہے ۔اخبار میں شائع ہونے والی خبریں مستند ہوتی ہیں اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد میں جسارت نے معیاری صحافت کے باعث اپنا مقام بنایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آمرانہ ادوار میں جسارت نے مردانہ وار حالات کا مقابلہ کیا ۔بندش اور ملازمین کی گرفتاریوں کے باوجود اس کا عزم توانا رہا ۔ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر جسارت نے بھرپور آواز اٹھائی ہے اور صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں جہاں اردو سمجھی جاتی ہے وہاں روزنامہ جسارت مظلوم مسلمانوں کی آواز سمجھا جاتا ہے ۔

وقت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جسارت ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کررہا ہے جس سے اس کے قارئین میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ جسارت عوامی مسائل کا ترجمان ہے ۔عملے کی جانفشانی اور لگن قابل ستائش ہے ۔

ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ جماعت اسلامی کرہ ارض پر سب سے اعلیٰ او رارفع نصب العین کی امین ہے،دجالی فتنے اور مادہ پرستی کے اس دور میں اللہ کے پیغام کوعام کرنے کی دعوت میں جسارت اخبار کا اہم کر دار ہے ۔