فیصل آباد میں کھانے پینے کی غیر معیاری اشیا فروخت ہورہی ہیں

160

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68 کے امیر میاں زبیر لطیف، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم، نائب امیر رانا غفار خان، میاں عبدالستار بیگا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دودھ کے نام پر بیماریاں بیچنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ 80 لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہر میں 80 ہزار لیٹر دودھ دیہات اور دیگر جگہوں سے آتا ہے جبکہ 4 لاکھ لیٹر سے زائد دودھ روزانہ شہر میں دکانوں، ہوٹلوں اور کھانے پینے کی اشیا میں استعمال اور فروخت ہورہا ہے۔ شہر میں زیادہ تر دودھ بھینسوں کا نہیں بلکہ یوریا کھاد سمیت دیگر مضر صحت کیمیکلز سے تیار شدہ ہوتا ہے، جو صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے، جس سے کینسر، ذہنی و جسمانی معذوری، آنکھوں کے امراض سمیت دیگر بیماریوں کا باعث ہے۔ شہر بھر میں کھانے پینے کی اشیا غیر معیاری فروخت ہورہی ہیں، محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ اس سنگین مسئلے سے آنکھیں بند کیے ہوئے ہے، جو قابل مذمت ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ محکمہ خوراک اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔