بلوچستان کے علاقے جیونی میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر بم دھماک

160

کوئٹہ/ راولپنڈی (آن لائن/ صباح نیوز) بلوچستان کے علاقے جیونی میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر بم دھماکا،ایک اہلکار شہید، 4 زخمی ہوگئے، سریاب میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، مختلف علاقوں میں ایف سی بلوچستان کا آپریشن، بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد۔ گزشتہ روز بلوچستان کے ساحلی علاقے جیونی میں سیکورٹی فورسز کی 2 گاڑیاں معمول کے گشت پر تھیں، جیسے ہی دشت سیاچی کے مقام پر پہنچیں تو سڑک کے کنارے نصب کیا گیا آئی ای ڈی بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ جس کے نتیجے میں لانس نائیک عارف نواز موقع پر شہید جبکہ کانسٹیبل رمضان، سلیم، قدوس اور ساجد شدید زخمی ہوگئے۔ علاوہ
ازیں کوئٹہ میں سریاب کیچی بیگ میں نامعلوم افراد نے ایک دکان کے قریب کھڑے پولیس اہلکار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ شناخت احمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں جاری آپریشن ردالفساد کے دوران فرنٹیئر کور بلوچستان نے انٹیلی جنس اداروں کے ہمراہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ڈیرہ بگٹی، چھتر، لہڑی میں کا رروائیاں کر تے ہوئے بھاری مقدار میں آئی ای ڈی راکٹ لانچر، سب مشین گنیں، اینٹی پرسنل مائنز، دستی بم، مختلف اقسام کا بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولیاں برآمد کر کے تخریب کاری کے منصوبے ناکام بنا دیے تا ہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔