کانگو میں امن مشن پر حملہ یک پاکستانی فوجی شہید

313

کنساشا/ راولپنڈی (خبر ایجنسیاں) افریقی ملک عوامی جمہوریہ کانگو میں شدت پسندوں کے حملے میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں تعینات ایک پاکستانی فوجی شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کانگو کے جنوبی صوبے کیوو میں ایک مسلح گروپ کے جنگجوؤں نے گھات لگا کر اقوام متحدہ کے امن مشن پر حملہ کیاجس میں ایک پاکستانی فوجی اہلکار نائیک نعیم رضا شہید ہوگئے‘حملے میں ایک پاکستانی فوجی اہلکار زخمی بھی ہوا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریز نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی جوان کی شہادت پر پاکستانی حکومت، عوام اور شہید فوجی اہلکار کے خاندان سے دلی
تعزیت کرتاہوں‘ زخمی فوجی اہلکارکی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے امن مشن پر حملے کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے بھی پاکستانی فوجی اہلکارکی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ امن مشن کا حصہ رہے گا۔ علاوہ ازیںآئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی امن مشن کے اہلکاروں نے باغیوں کے حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا‘ اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے پاکستان عالمی مشن کا مستقل رکن ملک ہے اور امن مشن کے تحت6 ہزار پاکستانی افسران اور جوان اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
180129-12-13
قوم عام انتخابات کا التوا قبول نہیں کرے گی‘ حافظ حسین احمد
پشاور (اے پی پی) جے یو آئی(ف) کے مرکزی سیکر ٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ قوم عام انتخابات کا التوا قبول نہیں کرے گی‘ جے یو آئی اسلامی نظام کے لیے کوشاں ہے‘ دینی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرلیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایک بیان میں کیا۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ ایم ایم اے کے تحت5 فروی کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد کیں جائیں گی‘ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دیے بغیر پاک بھارت تعلقات میں بہتری ممکن نہیں ہے۔ جمعیت کے اعلامیے کے مطابق جے یو آئی (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے جے یو آئی کی
مرکزی مجلس شوریٰ کا اہم اجلاس 23 فروری اور مرکزی جنرل کونسل کا اجلا س24 اور 25 فروری کو مرکزی دفتر جامعہ مدنیہ لاہور میں طلب کر لیا ہے۔