عدالت عظمٰی راؤ انوار کو جلد باز یاب کرائے مشتاق خان

231

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ نقیب اللہ محسود کا قاتل راؤ انوار بڑی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کی پناہ میں ہے، عدالت عظمیٰ راؤ انوار کو بازیاب کرائے۔ محسود قبائل تحریک کی حمایت کرتے ہیں، محسود قبائل کے شانہ بشانہ انصاف کے لیے جدوجہد کریں گے۔ کوہاٹ میں شعبہ طب کی طالبہ عاصمہ کے قتل کی مذمت اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عاصمہ کے قاتل کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت سزا دے۔ عاصمہ کے خاندان کی قانونی معاونت سمیت ہر قسم کی مدد کریں گے۔ سندھ اور پنجاب میں قابض حکمران خاندانوں نے لوٹ مچائی ہوئی ہے، ان سے کسی قسم کے خیر کی توقع نہیں۔ پیپلز پارٹی روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگاتی ہے لیکن ان کی حکومت میں عوام سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے۔ ان حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل نہیں کیا تو اسی طرح غربت، مہنگائی اور بدامنی برقرار رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن سخا کوٹ میں جمعیت طلبہ عربیہ کے تحفظ مدارس و سا لمیت پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ملاکنڈ کے امیر مولانا جمال الدین، جنرل سیکرٹری شہاب حسین، جمعیت طلبہ عربیہ کے مرکزی منتظم اعلیٰ مولانا عبیدالرحمن عباسی، صوبائی منتظم مولانا شمشیر علی شاہد اور دیگر نے خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان نے طلبہ میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ راؤ انوار نے کراچی میں چار سو سے زائد بے گناہوں کا خون کیا ہے، اس کی گرفتاری میں ناکامی سے پولیس کے کردار پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ عدالت عظمیٰ بڑی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کے گھروں پر چھاپوں کے احکامات دے تو راؤ انوار کو بازیاب کرایا جاسکتا ہے۔ نقیب محسود کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں میڈیکل کی طالبہ کا قتل ظلم ہے۔ طالبہ نے حالت نزاع میں اپنے قاتل کا نام بتادیا ہے، اب پولیس کا کام ہے کہ وہ جلد از جلد قاتل کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔