راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کے پارکنگ ایریا میں سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب

213

راولپنڈی (اے پی پی) راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی سیکورٹی مزید فول پروف بناتے ہوئے پارکنگ کے بہترین انتظامات بھی کر دیے گئے ۔ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے راولپنڈی رضا علی حبیب نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی پارکنگ کا ٹھیکا بی او ٹی کی بنیاد پر ایک نجی فرم کو دیا گیا جس نے ریلوے پارکنگ کی اپ گریڈیشن کے لیے 30لاکھ روپے سے زائد کی رقم خرچ کی ۔راولپنڈی ریلوے کا پارکنگ ایریا اس وقت مکمل طور پر 32سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید فلڈ لائٹس کی مدد سے ہمہ وقت مانیٹر کیاجارہاہے ۔اس کے علاوہ جدید امپورٹڈ کمپیوٹرائزڈ بیئریرز کے ساتھ ساتھ تین بوتھ بھی قائم کیے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی پارکنگ میں داخل ہونے والی ہر گاڑی کی نمبر پلیٹ ، ڈرائیور کی نشاندہی ،وہیکل فوٹیج اور گراؤنڈ سرویلینس کیمروں کی بدولت مکمل جانچ پڑتال اور ریکارڈ رکھاجا سکے گا ۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن نے 2017ء میں 1864.213ملین روپے کمائے جبکہ اس عرصے میں 42,56,318 مسافروں نے ریل کا سفر کیا ۔انہوں نے مزید بتایاکہ مسافر ٹرینوں کی انکم 1864.213 ملین روپے رہی جبکہ مال بردار ٹرینوں کی آمدن 448.728 ملین روپے رہی اور دیگر مدات میں راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کو 290.919ملین روپے حاصل ہوئے ۔انہوں نے بتایاکہ ریلوے انتظامیہ ،آفیسرز اور ملازمین کی بھرپور محنت کے نتیجے میں پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ۔انہوں نے بتا یاکہ ریل مسافروں کی سہولت کے لیے ای ٹکٹنگ و ڈپلی کیٹ ٹکٹ کی سہولت سمیت متعدد اقدامات کیے گئے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ ریل مسافروں کو پارکنگ کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کنٹریکٹر کو دو پارکنگ ایریاز فراہم کیے گئے ہیں جس سے پاکستان ریلوے کو سالانہ 2.15ملین روپے کی آمدن ہو گی ۔ انہوں نے بتایاکہ ریلوے اسٹیشن آنے والے تمام افراد کی ہمہ وقت سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ ریلوے پارکنگ میں داخل ہونے والوں کو رواں ماہ کے اختتام پر موٹر وے اور ائرپورٹ کی طرز پر خصوصی کمپیوٹرائزڈ کارڈ کا اجرا شروع کر دیاجائے گا ۔ریلوے پارکنگ میں کار فی گھنٹہ چارجز 30روپے جبکہ پورے دن کے لیے صرف 60روپے رکھے گئے ہیں جبکہ موٹر سائیکل کے لیے فی گھنٹہ 20 روپے اور پورا دن 40 روپے چارجز رکھے گئے ہیں ۔