پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا ،ارشاد بخاری

182

کراچی(رپورٹ:جہانگیرسید)کراچی میں ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا، اگر کسی نے انفرادی طور پر اضافہ کیا ہے تو اس کا ذمے دار وہ خودہے، ہم اس کے خلاف کارروائی پر احتجاج نہیں کریں گے۔ البتہ ہم سندھ حکومت سے سراپا احتجاج ہیں کہ 2011ء سے 2018ء تک سات سال کے دوران حکومت نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے کرایے نہیں بڑھائے ہیں، جو ظالمانہ اقدام ہے۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے اخبارات میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں دگنے اضافے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے ہمارا تنازع ہے، جو سات سال سے بسوں کا کرایہ نہیں بڑھا رہی ہے۔ اگر کسی نے کرایہ بڑھایا ہے تو اپنے طور پر بڑھایا ہوگا، جس کی انہیں اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کرایہ بڑھانے کے حوالے سے سات سال سے مطالبہ نہیں مان رہی ہے، جس کی بنا پر ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن سے بھی نالان ہیں۔ اگر حکومت سندھ نے کرایوں میں اضافہ نہ کیا تو ٹرانسپورٹر ان کے
کنٹرول میں نہیں رہیں گے۔ جس کی ذمے داری ٹرانسپورٹ اتحاد ایسوسی ایشن پر عائد نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ سات سال میں گیس، پیٹرول اور دیگر متعلقہ مصنوعات میں متعدد بار اضافہ کیا گیا، لیکن ٹرانسپورٹرز کے کرایے نہیں بڑھائے گئے۔