ایسی ترقی کا فائدہ نہیں جس سے بلوچ بہرہ مند نہ ہوں

143

گوادر (آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کہا ہے کہ ایسی ترقی کا فائدہ نہیں جس سے بلوچ بہرہ مند نہ ہوں‘سی پیک صوبے کی تقدیر بدل سکتا ہے‘ پرانے گوادر کے لیے مزید2 ارب روپے کا پیکیج دیا جائے‘ سرمایہ کاروں اور وفاق کے تعاون سے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم اور اسکول و اسپتال قائم کیے جاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر ایکسپو 2018ء اور گوادر فری زون فیز ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم ایسی ترقی چاہتے ہیں جس سے بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو‘ ہم ایسی سرمایہ کاری نہیں چاہتے جس سے چند سرمایہ کار تو فائدہ اٹھائیں مگر بلوچستان کے عوام کی زندگی میں بہتری نہ آسکے‘ منصوبہ سازوں کو منصوبہ بندی کے وقت گوادر کے لوگوں کو نہیں بھولنا چاہیے‘ہمارے ادارے صوبے میں امن کے قیام کے لیے دن رات کوشاں ہیں لہٰذا ہم سرمایہ کاروں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ بلوچستان کے عوام کو نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور وفاقی حکومت کے تعاون سے بلوچستان میں اسکول آباد ہوسکتے ہیں‘ لوگوں کو پینے کا صاف پانی مل سکتا ہے اور غریبوں کے لیے اسپتال قائم ہوسکتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے اور شادی کورڈیم سے گوادر تک پانی کی پائپ لائن کے منصوبوں سے پانی اور بجلی کی ضروریات پوری ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کو بین الاقوامی شہر بنانے کے لیے بہت سارے منصوبے تیار ہو رہے ہیں لیکن پرانے گوادر میں بسنے والے لوگوں کی بہتری کے لیے منصوبہ بندی کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے گزارش کی کہ وہ پرانے گوادر کی بہتری کے لیے کم از کم مزید 2 ارب روپے کا اعلان کریں۔