بلو مون، سپر مون اور چاند گرہن۔چاند کے تین روپ ایک ساتھ

1021

سائنس ڈیسک
آج (31 جنوری کو) پاکستان سمیت پوری دنیا میں چاند گرہن کا یادگاراور دلفریب واقعہ رونما ہوگا جسے ’سپر بلڈ بلیو مون‘ بھی کہا جارہا ہے۔ گزشتہ 150 سال میں ایسا واقعہ کبھی رونما نہیں ہوا اور بدھ کے روز مغربی شمالی امریکا، ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور روس کے علاقوں میں دیکھا جاسکے گا۔
اس مکمل چاند گرہن کی خاص بات یہ ہے کہ ایک جانب تو یہ مکمل چاند یعنی ’بدر‘ ہوگا۔ دوم یہ سپرمون بھی ہے یعنی عام حالات کے مقابلے میں یہ 14 فیصد بڑا دکھائی دے گا اور اس پر چاند کو گرہن لگنے کا منظر ایک دلفریب نظارہ پیش کرے گا۔ اس دوران زمین کا سایہ چاند پر پڑنے سے اس کی رنگت سرخی مائل دکھائی دے گی۔ ان تمام مظاہر کی بنیاد پر اسے ’سپر بلیو بلڈ مون‘ کا نام دیا گیا ہے۔ تاریخی لحاظ سے 1866ء میں ایسا نظارہ دیکھا گیا تھا۔
اسی بنا پر دنیا بھر کے ماہرین فلکیات اور دیگر افراد بے تابی سے اس کا انتظار کررہے ہیں۔ 31 جنوری کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق چاند کو اس وقت گرہن لگنا شروع ہوجائے گا جب وہ افق پر نمودار بھی نہیں ہوا ہوگا۔ تاہم کراچی کے افراد اس وقت اسے ضرور دیکھ سکیں گے جب چاند کو گرہن لگ چکا ہوگا۔ اچھی بات یہ ہے کہ آج کراچی کا مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔
کراچی کے شائقین سپربلیومون کے چاند گرہن کو 6 بج کر 29 منٹ سے دیکھ سکیں گے ۔ اگرچہ یہ عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہوگا لیکن اس وقت چاند افق سے نیچے ہوگا اور دکھائی نہیں دے گا۔ تاہم 6 بج کر 29 منٹ پر چاند پورے گرہن کی حالت میں ہوگا اور 7 بج کر 7 منٹ پر گرہن اترنا شروع ہوگا اور تقریباً 9 بجے تک مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔ اسی طرح تھوڑے سے وقت کے فرق سے یہ نظارہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی نظر آئے گا۔ اسے کسی اچھی دوربین سے دیکھنا بھی ایک دلچسپ تجربہ ہوسکتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق آئندہ اس قسم کا منظر 2037ء میں دیکھا جا سکے گا۔
امریکا اور کینیڈا کے مغربی نصف علاقے میں چاند گرہن بدھ کو صبح سویرے صاف دکھائی دے گا، جب کہ بحرالکاہل سے لے کر ایشیا میں یہ منظرجمعرات کو دکھائی دے گا۔ امریکا کے مشرقی ساحل پر یہ منظر نہیں دیکھا جاسکے گا۔ چاند اپنے جوبن پر آئے گا تو اُسی وقت اُسے گرہن لگ جائے گا۔ یورپ، افریقا اور جنوبی امریکی براعظم میں بھی یہ منظر نہیں دیکھا جاسکے گا۔
’بلو مون‘ ایک ہی ماہ کے اندر مکمل چاند کی ایک صورت ہوگی۔ ’سپر مون‘ قریب تر اور ایک نیا چاند ہوگا، جو عام چاند کے مقابلے میں زیادہ روشن اور بڑا ہوتا ہے۔ مکمل چاند گرہن کے باعث یہ سرخ رنگ اختیار کرلے گا، جیسا کہ زمین کے مکمل سائے تلے آگیا ہو۔
سائنس دانوں نے میری لینڈ کے شہر گرین بیلٹ میں ناسا کا ’گوڈارڈ اسپیس فلائیٹ سینٹر‘ قائم کیا ہے۔ ’ناسا‘ کیلی فورنیا اور اریزونا میں قائم اپنے ٹیلی اسکوپس کے ذریعے، ایسٹرن ٹائم کے مطابق، بدھ، 31 جنوری کو 5 بج کر 30 منٹ صبح کو ایک گھنٹے تک چاند کے منظر کی ’لائیو اسٹریمنگ ‘ پیش کرے گا۔