علیحدگی پسند نوجوان تعلیمی اداروں کا امن تباہ کررہے ہیں

173

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان خان نے کہا ہے کہ ملک میں پھیلتی ہوئی بے حیائی اور ذرائع ابلاغ کے عریانی پر مبنی پروگراموں کی وجہ سے وطن عزیر میں کسی کی عزت محفوظ نہیں۔ہر روز سیکڑوں شرمناک واقعات سامنے آرہے ہیں۔حکمرانوں اور انتظامیہ کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ مجرم ان کی گرفت میں آنے کے بجائے اپنی شیطانی حرکتوں میں اضافہ کیے چلے جارہے ہیں۔ان حالات میں نوجوان نسل اور ملک کے مستقبل کو بچانے کے لیے بہت محنت کی ضرورت ہے۔اسلامی فکر کے حامل نوجوانوں کو منظم ہو کر جرائم کے خلاف آگاہی اور بیداری کی مہم چلانی چاہیے۔ نسل پرست اور علیحدگی پسند نوجوان تعلیمی اداروں کا امن تباہ کررہے ہیں اور افسوس ہے کہ حکومتیں اور انتظامیہ کے کئی اعلیٰ عہدیداران ان عناصر کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ملکی خزانے کی مدد سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ ملک کی سالمیت کے خلاف نعرے لگائیں تو یہ نظام کی مکمل ناکامی کا اعلان ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ،جمعیت طلبہ عربیہ اور جماعت اسلامی یوتھ ونگ کو پوری منصوبہ بندی کے ساتھ ایک ایک نوجوان تک پیغام امن پہنچانا ہوگا۔ یہ ملک ایک بہت بڑی نعمت ہے اور ہمارے پاس اللہ کی امانت ہے۔ ہمارے بیرونی دشمنوں نے اس ملک کے اندر اپنے ایجنٹ داخل کررکھے ہیں جو فحاشی و عریانی اورافراتفری کے ذریعے ہماری ملی یکجہتی کو پارہ پارہ کررہے ہیں۔نوجوان پورے عزم و ہمت اور اخلاقی اسلحہ سے مسلح ہوکر ان تمام فتنوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔معصوم زینب کا قاتل پکڑا گیاہے۔اسے سرعام پھانسی لگاکر تین روز تک اسکی لاش عبرت کے لیے لٹکی رہے تو ظالم کو عبر ت او ر مظلوم کی دادرسی ہوگی۔