عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے

169

پشاور(وقائع نگار خصوصی )سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کی صاف پانی کی فراہمی اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔مسائل ہونے کے باوجود بہتر سروسز فراہم کر رہے ہیں ۔عوامی خدمت اولین ترجیح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پشاور میں انجمن سماجی بہبود فیصل آباد کی جانب سے پیش کردہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بہتر استعمال و انتظام پر تفصیلی بریفینگ کے دوران کیا ۔ اس موقع پر ڈی جی پی ڈی اے اسرار الحق ، ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹیوانجینئر خان زیب ، شجاعت علی خان ، ڈی جی NIM نگہت مہروز ، میجر (ر )خالداور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے نذیر وٹو نے بریفنگ دی ۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسائل کے باوجود لوگوں کو دستیاب وسائل کے اندر صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات اٹھار ہے ہیں ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ موزوں مقامات کی نشاندہی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل کے طور پر پشاور دوران پور میں منصوبہ پر کام شروع کرنے کے لیے بھرپور اقدام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بخوبی احساس ہے کہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی دستیابی محدود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئندہ نسلوں کی بقاء کامسئلہ ہے لہٰذا متعلقہ حکام اس کی فراہمی کے لیے فوری اقدام کریں ۔